اسلام آباد(نیوز ڈیسک) فضائی سفر بہت ہی سستا ہوگیا، پی آئی اے نے اندرون ملک کرایوں میں زبردست کمی کر دی، کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے درمیان یکطرفہ سفر کا کرایہ 7 ہزار 879 روپے مقرر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے اندرون ملک کی پروازوں کے کرایوں میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے قومی ائیرلائن کے حکام نے باقاعدہ اعلان بھی کر دیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ فیصلے کا اطلاق کراچی سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان پروازوں کے روٹس پر کیا گیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا ہے کہ کراچی سے لاہور، اسلام آباد کے لیے کرایہ 7 ہزار 879 روپے مقرر کر دیا گیا۔
مسافروں کو ساتھ ہینڈ بیگ لے جانے کی اجازت ہوگی۔ جبکہ اضافی سامان کی صورت میں 35 کلو وزن والے سامان کیساتھ کرایہ 8 ہزار 543 روپے ہوگا۔اندرون ملک کے لیے پروازوں کے کرایوں میں کمی کے حوالے سے کیے گئے فیصلے کا فوری اطلاق کی گیا ہے، تاکہ مسافروں کو ریلیف دیا جا سکے ۔ واضح رہے کہ پی آئی اے نے گزشتہ ماہ بھی کرایوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے درمیان پروازوں کا کرایہ ساڑھے 9 ہزار روپے مقرر کر دیا گیا تھا، جو اب مزید کم کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون و بیرون ملک پروازوں کیلئے کرونا وائرس سے متعلق نئی ایس او پیزجاری کردی ہیں جس کا اطلاق 20 سے 31 اگست تک ہوگا۔سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر ایئرٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام چارٹرڈ پروازوں سمیت پرائیوٹ طیاروں پر ایس اوپیز کا اطلاق یکساں ہو گا۔ تمام ائرلائنز، ائرکرافٹ آپریٹرز اور گراونڈ ہینڈلنگ ایجنٹس ان ایس او پیز پرعملدرآمد یقینی بنانے کے پابند ہوں گے۔ کراچی سمیت تمام ملکی آپریشنل ایئر پورٹس منیجرز نئی ایس اوپیز پرعملدرآمد کے ذمہ دار ہوں گے۔نئی ایس او پیز کے تحت تمام ایئر پورٹس پر مسافرون کے لئے ہر قسم کے پروٹوکول پر پابندی ہوگی۔ ہر قسم مسافروں کو روانگی لاؤنج کے سامنے ڈراپ کیا جائے گا۔ پرواز کی روانگی سے قبل طیاروں کو جراثیم کش اسپرے سے ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔ فضائی میزبان پی پی ای کٹس، سرجیکل ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی کریں گے۔تمام ایئرلائنز پرواز کی روانگی سے قبل مسافروں کی مکمل فہرست ایئر پورٹس منیجرز کو فراہم کرنے کی پابند ہوں گی۔
طیارے میں داخلے سے قبل محکمہ صحت کے اہلکار مسافروں کا ٹیسٹ اور انٹرویو کریں گے۔ انٹرنیشنل پرواز کے مسافروں سے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم پُر کرانا متعلقہ ائر لائن کی زمہ داری ہوگی۔طیاروں میں مسافروں کو سماجی فاصلے کے مطابق ایک سیٹ چھوڑ کر بٹھایا جائے گا۔ دوران پرواز مسافروں کے لئے کھانے کے وقفے کے علاوہ سرجیکل ماسک پہن کر رہنا ہوگا۔ پائلٹ، فرسٹ آفیسر اور دیگر فضائی عملہ بھی دوران پرواز سرجیکل ماسک اور دستانے پہننے کا پابند ہوگا۔