پشاور (نیوز ڈیسک) سینیٹ الیکشن، خیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف کا کلین سوئپ، حکمراں جماعت تمام 10 ممکنہ نشستوں پر فتح حاصل کرنے میں کامیاب، جے یو آئی ف اور اے این پی کو 2 نشستیں ملیں۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی کل 37 نشستوں کے الیکشن کے سلسلے میں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق حکمراں جماعت تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے۔ تحریک انصاف نے اب تک 24 نشستیں حاصل کر لیں۔ پیپلز پارٹی نے 19 اور مسلم لیگ ن نے 18 نشستیں حاصل کی ہیں۔
جبکہ بی اے پی کو 12 نشستیں ملی ہیں۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کو بھی کل 3 نشستیں مل چکیں، مسلم لیگ ق نے ایک نشست حاصل کی ہے۔ آزاد امیدوار بھی اب تک 6 نشستیں حاصل کر چکے۔ سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں سب سے بڑا مقابلہ قومی اسمبلی کی جنرل نشست پر ہوا جس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے5 ووٹوں سے حفیظ شیخ کو شکست دی۔ یوسف رضا گیلانی کو 169 اور تحریک انصاف کے حفیظ شیخ کو164 ملے جبکہ الیکشن میں 6 ووٹ مسترد ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ آج سینیٹ کی 37 نشستوں پر الیکشن ہوا جس کے لیے پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا، پولنگ کا عمل 5 بجے تک جاری رہا۔سینیٹ انتخابات کے لیے قومی اور تین صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہوئی۔ پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ قومی اسمبلی کے 341 اراکین میں سے 340 نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جب کہ جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدلااکبر چترالی نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔این اے 75 ڈسکہ سے کوئی ممبر قومی اسمبلی میں نہیں ہے کیونکہ یہاں پر الیکشن کمیشن نے دوبارہ انتخابات کااعلان کر رکھا ہے۔اسلام آباد کی 2، سندھ کی 11، خیبرپختونخوا کی 12 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ صوبوں کی نشستوں پر ارکان صوبائی اسمبلی نے ووٹ ڈالا۔ جبکہ اسلام آباد کی 2 نشستوں پر ارکان قومی اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیا۔ اسلام آباد کی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا۔