لاہور(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جو حالات نظرآرہے ہیں یہ نہ ہو کہ سینیٹ الیکشن کے دوران ہی کوئی تبدیلی آجائے ،حکمران جماعت میں ٹکٹوں کی تقسیم پر ہر صوبے سے لوگ کھڑے ہو گئے ہیں اور کیا 22سالہ جدوجہد میں ایک بھی ایسا انسان نہیں ملا جس کو آپ سینیٹ کا ٹکٹ دیتے،بیک ڈور رابطوں کی ضرورت ان کو ہے جو اس وقت مشکل میں ہیں، پی ڈی ایم یا مسلم لیگ(ن)کو بیک ڈور رابطوں کی ضرورت نہیں ہے،پی ڈی ایم کو توڑنے کے خواب دیکھنے والے خود بہت جلد ٹوٹیں گے اور ٹوٹتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔وزیر آباد روانگی سے قبل
جاتی امراء میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نوا ز نے کہاکہ یوسف رضا گیلانی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے متفقہ امیدوار ہیں اور پی ڈی ایم نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ اپنے متفقہ امیدوار لائیں گے اور ایک دوسرے کو سپورٹ کریں گے۔انہوںنے کہاکہ اصل بات یہ ہے کہ عوام پر جو لوگ مسلط کیے جارہے ہیں، ہمیں عوام کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے ان کا راستہ روکنا ہے، مہنگائی سے مارے عوام میں اضطراب اور بے چینی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ حکمران جماعت میں ٹکٹوں کی تقسیم پر ہر صوبے سے لوگ کھڑے ہو گئے ہیں اور جس طرح سے پیراشوٹ سے لوگوں نے لینڈ کیا ہے، کیا 22سالہ جدوجہد میں ایک بھی ایسا انسان نہیں ملا جو آپ کے ساتھ جدوجہد کررہا ہے اور آپ اس کو سینیٹ کا ٹکٹ دیتے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے کروڑ پتی اور ارب پتی لوگوں کو ٹکٹ دیے، اس کا کیا مطلب یہ ہے کہ جن لوگوں نے جماعت کے لیے کوئی جدوجہد نہیں کی انہیں کہا جا رہا ہے کہ اپنے پیسوں سے ٹکٹ خریدو۔ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لیے درخواست سے متعلق مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف جب بیرون ملک گئے تھے تو میں نے بھی لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دی تھی، یہ درخواست کورونا کی وجہ سے زیر التواہے،کچھ وزراء کہہ رہے ہیں کہ مریم کو باہر بھیج دیں لیکن وہ باہر نہیں جائیں گی، میرا اپنی صحت سے متعلق بھی ایک چھوٹا سامسئلہ ہے ، میری سرجری ہونی ہے جو ملک میں نہیں ہو سکتی اس کے باوجود نہیں جاؤں گی، یہ خوشی حکومت کو نہیں دوں گی۔ جینا مرنا پاکستان میں ہے، اب فیصلہ
کرلیا ہے حکومت کو ای سی ایل سے نام نکالنے کا نہیں کہوں گی، اگر گھر آکر بھی کوئی پیشکش کرے تب بھی پاکستان سے باہر نہیں جاؤں گی۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ آصف علی زرداری نے سینیٹ الیکشن کے بعد تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے حوالے سے نواز شریف کو راضی کر لیا ہے تو مریم نواز نے جواب دیا کہ میں جو حالات دیکھ رہی ہوں، یہ نہ ہو کہ سینیٹ الیکشن کے دوران ہی عدم اعتماد ہوجائے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو توڑنے کے خواب دیکھنے والے خود بہت جلد ٹوٹیں گے اور ٹوٹتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، یہ بات کافی نہیں ہے کہ صبح ٹکٹ دیتے ہیں اور شام میں واپس لے لیتے ہیں،
اگلے دن پھر اپنی ہی جماعت کی جانب سے ایک عدم اعتماد آ جاتی ہے، اپوزیشن کم بول رہی ہے اور ان کی جماعت زیادہ بول رہی ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے سینیٹ میں اچھے لوگ آئیں، مسلم لیگ (ن) نے عام آدمی کو سینیٹ ٹکٹ دیا، اپنے قائد نواز شریف اور پارٹی قیادت پر فخر ہے، ن لیگ نے ان کو ٹکٹ دیا جن کی سیاسی جدوجہد ہے، ن لیگ نے عوام کی صحیح نمائندگی کا حق ادا کیا، یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار ہیں، پی ڈی ایم کو توڑنے کے خواب دیکھنے والے خود ٹوٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی ایک حد تک ہوسکتی ہے،
عوام کھڑے ہو جائیں تو دھاندلی نہیں ہو سکتی۔لیگی رہنما نے مزید کہا کہ گوجرانوالہ ن لیگ کا شہر ہے، ہم پر امن طریقے سے الیکشن مہم چلا رہے ہیں، پر امن ریلی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو جواب دیا جائے گا، وہ بات کرتی ہوں جس کا مجھے ذاتی طور پر علم ہوتا ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، عوام کے اندر بے چینی ہے، وہ مہنگائی سے تنگ ہیں۔