اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو آج این آر او دے دیں تو یہ کہیں گے کہ عمران خان نے زبردست آدمی کوئی نہیں جس نے کشمیر کی بات کی۔ وزیراعظم عمران خان نے نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ باہر بیٹھے لوگوں کو واپس لانے کی کوشش کریں گے۔اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لانگ مارچ کر کے بھی دیکھ لیں لیکن لوگ چوروں کے لیے کبھی سڑکوں پر نہیں نکلتے۔ دنیا بھر میں جو لوگ گھروں سے باہر نکلے وہ کرپشن کے خلاف ہی نکلے لیکن آج تک کوئی کرپشن بچانے کے لیے نہیں نکلا ۔
کرپشن کرنے والے خود باہر بیٹھے ہیں، ان کے بچے باہر، بھائی کے بچے باہر، منشی اور اس کے بچے بھی باہر بیٹھے ہوئے ہیں۔اپوزیشن کبھی کسی فیصلے کو نہیں مانے گی جب تک ان کو اپنا جج اور نیب سربراہ نہ ملے کیونکہ یہ کرپٹ لوگ ہیں۔وزیر اعظم نے کرپٹ ٹولے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ کرپٹ لوگ عوام کو بے وقوف سمجھتے ہیں لیکن جو عوام کو بے وقوف سمجھتا ہے اس سے بڑا بے وقوف انسان کوئی نہیں ہے۔ انہوں نے حکومتی عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ملک لوٹ کر باہر بھاگنے والوں کو وطن واپس لانے کی کوشش کریں گے۔ بیرون ملک بھاگنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔یہ طریقہ کار ذرا لمبا ہے بہرحال کوشش کریں گے کہ ان کو واپس لے کر آئیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملکی حالات کے بارے میں کوئی کچھ بھی کہے لیکن حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ جب ہمیں ایک مقروض ملک ملا تو حالات کیسے ٹھیک ہوتے؟ تاہم اب ملک کی صنعتیں بہتر ہو رہی ہیں اور ٹیکسٹائل ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے۔ لوگ جانتے ہیں کہ ہم کوشش کر رہے ہیں اور ہم نے چیزیں بھی بہتر کی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام جانتی ہے حکومت اس وقت کیوں مشکل میں ہے کیونکہ پچھلی حکومتوں نے 10 سال میں ملک پر چار گنا قرض چڑھا دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت اگر سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان کو دبا لے گا تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔ بھارت ایف اے ٹی ایف میں بھی پاکستان کو دبانے کی کوشش میں ناکام رہا۔ مسئلہ کشمیر دنیا اور اقوام متحدہ میں اُٹھ چکا ہے۔ بھارت کشمیر میں بھی ظلم ڈھا رہا ہے ، دنیا میں بھی شعور پیدا ہو رہا ہے کہ کشمیر میں ظلم ہو رہا ہے۔ ہم نے بھارت کو ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ بات چیت کر لیں۔ بھارت پاکستان کو دنیا میں تنہا نہیں کر سکتا۔