اسلام آباد (نیوز ڈیسک)عمران خان نے پی ٹی آئی چئیرمین کی حیثیت سے سوشل میڈیا پر جو اکاؤنٹس بنائے تھے وہ وزیراعظم بننے کے بعد بھی ان اکاؤنٹس کو مسلسل استعمال کرتے ہیں اور ان پر اپنی پوسٹس اور خیالات شئیر کرتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے سب کو ان فالو کر دیا تھا جس پر انہوں نے بعد میں اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ مجھے کہا گیا تھا کہ وزیراعظم کسی کو فالو نہیں کرتا اسی لیے میں نے سب کو ان فالو کر دیا۔وزیراعظم عمران خان وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد بھی اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو استعمال کرتے ہیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انہوں نے اپنی والدہ کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ اُن کی والدہ میچ جیتنے پر انہیں کیا نصحیت کیا کرتی تھیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر وائرل ویڈیو میں عمران خان نے بتایا کہ میں اپنی والدہ کا لاڈلا بیٹا تھا۔انہوں نے کہا کہ جب بھی میں کوئی میچ ، سیریز جیت کر آتا یا مجھے مین آف دی میچ قرار دیا جاتا تھا تو میں گھر آ کر سب سے پہلے اپنی والدہ کے پاس آتا تھا۔ عمران خان نے بتایا کہ جب میں اپنی جیت کے بعد والدہ سے ملاقات کرتا تھا تو میری والدہ میری جیت پر مجھے سب سے پہلے ایک نصیحت کیا کرتی تھیں اور کہا کرتی تھیں کہ تکبر نہیں کرنا، اللّٰہ کو تکبر بہت برا لگتا ہے۔عمران خان کی یہ ویڈیو انسٹا گرام کے علاوہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی وائرل ہو رہی ہے۔ خیال رہے کہ تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر وزیراعظم عمران خان کے فالوورز کی تعداد کافی زیادہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر 13.2 ملین فالوورز ہیں جو سب سے زیادہ ہیں۔