لاہور(نیوز ڈیسک) عوام کی اکثریت وزیراعظم کو 5 سال مکمل کرنے کا موقع دینے کے حق میں، نجی اداروں آئی پی او آر اور پلس کنسلٹنٹ کی جانب سے تحریک انصاف حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر کروائے گئے سروے میں لوگوں کی اکثریت اب بھی عمران خان کے حق میں ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی اداروں آئی پی او آر اور پلس کنسلٹنٹ کی جانب سے عوام کی رائے پر مبنی ایک خصوصی سروے کروایا گیا ہے۔سروے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر کروایا گیا، جس میں ملک بھر سے 4 ہزار سے زائد لوگوں سے ان کی رائے مانگی گئی۔ سروے کے دوران عوام سے سوال
کیا گیا کہ کیا وزیراعظم عمران خان کو 5 سال حکومت کرنے کا موقع ملنا چاہیئے یا نہیں، اور کیا موجود حکومت عمران خان کے بغیر قائم رہنی چاہیے یا نہیں۔اس سوال کے جواب پر 68 فیصد لوگوں نے وزیراعظم عمران خان کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔لوگوں کی اکثریت کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو 5 سال حکومت مکمل کرنے کا موقع ملنا چاہیئے۔ جبکہ اس دوران ان ہاوس تبدیلی کی کوشش بھی نہ کی جائے۔ عمران خان کے علاوہ کسی اور کو وزیراعظم بنانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ جبکہ سروے کے دوران 22 فیصد لوگوں نے وزیراعظم عمران خان کی حکومت کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان ہاوس تبدیلی ضرور آنی چاہیے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 2 سال قبل 2018 کے انتخابات میں کامیابی کے نتیجے میں 18 اگست 2018 کو حکومت قائم کی تھی۔ عمران خان وزیراعظم پاکستان بننے میں کامیاب رہے تھے، جبکہ تحریک انصاف نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بھی حکومتیں قائم کی تھیں۔ تحریک انصاف وفاق اور پنجاب میں پہلی مرتبہ جبکہ خیبرپختونخواہ میں دوسری مرتبہ حکومت قائم کرنے میں کامیاب رہی۔ خیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف نے تاریخ رقم کرتے ہوئے دو تہائی اکثریت حاصل کی تھی۔