عمران خان نے کھوکھر پلس گرانے کے بعد وزراء کو نیا ٹاسک سونپ دیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ختم ہو گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس،براڈ شیٹ اور قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے براڈ شیٹ پر اجلاس میں بریفینگ دی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ براڈ شیٹ کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ کیس میں فائدہ اٹھانے والے عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔اجلاس میں قبضہ مافیا گروپس کے خلاف کارروائی سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ لاہور میں کھوکھر برادران سے 38کنال کی قیمتی اراضی واگزار کروائی گئی ہے۔

قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی پر مشیر داخلہ برائے احتساب شہزاد اکبر نے بریفنگ دی۔انہوں نے مزید بتایا کہ گجرانوالہ میں خرم دستگیر کے پٹرول پمپ سے بھی قبضہ واگزار کروا لیا گیا ہے، قبضہ واگزار کروا کے وہاں فیملی پارک بنا دیا گیا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ن لیگ قبضہ مافیا کو سپورٹ کر رہی ہے۔سیاسی سرپرستی کے بغیر کوئی قبضہ نہیں کر سکتا،انہوں نے قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کا دائرہ کار وسیع کرنے کی ہدایت کی جب کہ حکومتی ترجمانوں کو قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن سے قوم کو آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ پر اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ میں ہمارا دامن صاف ہے،ہم نے ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ حاصل نہیں کی۔فارن فنڈنگ کیس میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکے ہیں،وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے پاس چھپانے کو کچھ نہیں ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ براڈ شیٹ معاملے کی منصفانہ اور شفاف تحقیقات کروانہ چاہتے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس 4 فروری کو طلب کرلیا گیا۔ق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف سے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر غور کیا جائے گا ، جب کہ اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے بھی غور کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتوں کے سربراہان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں