راولپنڈی (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے مولانا عادل خان کی شہادت پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ قابل مذمت ہے، مجرموں کو کٹہرےمیں لانے کیلئے سول انتظامیہ کی بھرپور مدد کی جائے گی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ واقعہ دشمن کی ملک کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے بھی مولانا عادل خان کے قتل کی شدید مذمت کی ہے ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کروانا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت جانتی ہے اور میں گزشتہ تین ماہ سے ٹی
وی پر بارہا بار اظہار کر چکا ہوں کہ بھارت پاکستان میں شیعہ اور سنی عالموں کو قتل کروا کر فسادات کی آگ بھڑکانا چاہتا ہے۔دوسری جانب کراچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان اور ان کے ڈرائیور مقصود کی نماز جنازہ آج اتوار 11 اکتوبر کی صبح جامعہ فاروقيہ فيز 2حب ريور روڈ پر ادا کردی گئی ہے۔جامعہ فاروقيہ کے سربراہ مولانا عادل خان کی نماز جنازہ ان کے بھائی عبید اللہ خالد نے پڑھائی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ مولانا عادل کو ان کے والد مولانا سلیم اللہ خان کے پہلو میں دفن کیا جائے گا۔واضح رہے کہ مولانا عادل کو ڈرائیور سمیت 10 اکتوبر کی رات کو کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں اس وقت ٹارگٹ کلنگ میں گولیاں مار کر شہید کیا گیا، جب وہ اپنی ڈبل کیبن گاڑی میں ڈرائیور کے ہمراہ دکان کے باہر رکے۔وہ وفاق المدارس کے سربراہ مولانا سلیم ﷲ خان کے صاحبزادے، مہتمم جامعہ فاروقیہ کراچی اور رکن مجلس عاملہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان بھی تھے۔ واقعہ کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے پیچھا کرکے حملہ کيا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹيج بھی سامنے آگئی ہے۔ سامنے آنے والی فوٹیج میں ملزم کو فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ واردات کی جگہ سے 9 ایم ایم کے 5 خول بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔