راولپنڈی(نیوز ڈیسک)پاک فوج کی چوکی پر باجوڑ سیکٹر میں سرحد پار فائرنگ سے پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ سیکٹر میں پاک فوج کی چوکی پر سرحد پار فائرنگ سے سپاہی صابرشاہ شہید ہوگیا، پاک افغان بارڈر کے ساتھ پاک فوج کی چیک پوسٹ پر فائرنگ گزشتہ رات کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان افغانستان کے ساتھ سرحدی انتظام کا معاملہ باقاعدگی سے اٹھارہا ہے تاہم افغان سرزمین پاکستان
کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔واضح رہے کہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ ایسے حملے ہوئے ہیں جن میں پاک فوج کے جوان اور شہری شہید ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل 17 جولائی کو بھی باجوڑ میں سرحد پار سے ایک حملہ ہوا تھا ۔پاکستان اور افغانستان کے قریبی علاقے میں سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ سات زخمی ہوگئے تھے۔