مظفرآباد (اصغرحیات) آزاد کشمیر کے اقتدار کے ایوانوں سے بڑی خبر، سردار تنویر الیاس کیلئے خوشگوار ہوا کا جھونکا، سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے نااہلی کیخلاف سردار تنویر الیاس کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ سے توہین عدالت کیس میں نااہلی کیخلاف سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔ سردار تنویر الیاس کی اپیل پر سماعت تین جولائی کو ہوگی، چیف جسٹس کی سربراہی میں فل بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 11 اپریل کو ہائی کورٹ آزاد کشمیر نے توہین عدالت میں اس وقت کے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو نااہل قرار دیا تھا۔ سردار تنویر الیاس نے ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ آزاد کشمیر میں اپیل دائر کی گئی، سپریم کورٹ آزاد کشمیر میں سردار تنویر الیاس کی اپیل گزشتہ پندرہ ماہ سے زیر سماعت ہے۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ سردار تنویرالیاس کی درخواست ایک سال پانچ ماہ سے زیر التوا ہے، طویل عرصے کے بعد درخواست سماعت کیلئے مقرر ہونا سردار تنویر الیاس کیلئے خوشگوار ہوا کا جھونکا ثابت ہوسکتی ہے، سردار تنویر الیاس آزاد کشمیر کے واحد وزیراعظم ہیں جنہیں توہین عدالت کیس میں از خود نوٹس پر گھر نااہل قرار دیا گیا، سردار تنویر الیاس کی ہائیکورٹ سے نااہلی کی صورت میں چوہدری انوار الحق آزاد کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوئے، اگر سپریم کورٹ سردار تنویر الیاس کی اپیل کو منظور کرتی ہے تو آزاد کشمیر سیاسی صورتحال یکسر تبدیل ہوجائے گی۔