اسلام آباد(نیوز ڈیسک) مائیکرو سوفٹ کےبانی بل گیٹس نے پاکستان کے کورونا اقدامات کو مثالی قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی پالیسی پہلے دن سے واضح تھی،وزیراعظم عمران خان جہاں سخت لاک ڈاؤن کے مخالف رہے وہیں انہوں نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے پر بھی زور دیا۔حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی بدولت پاکستان میں کورونا کا زور ٹوٹ رہا ہے۔اور اب دنیا کے کامیاب ترین انسان اور مائیکرو سوفٹ کےبانی بل گیٹس بھی پاکستان کے کورونا کے حوالے سے اقدامات کی تعریف کیے بغیر نہ رہے۔انہوں نے پاکستان کے سمارٹ لاک ڈاون کی
دنیا کو مثال دیتے ہوئے کورونا وائرس پر بھارت کی ناکامی بھی بتائی۔بل گیٹس نے پاکستان کے کورونا کے خلاف اقدامات کی تعریف کی اور بھارتی اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔بل گیٹس نے کہا کہ پاکستان نے کامیابی سے کورونا کا مقابلہ کیا۔امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ پاکستان نے جس طرح کورونا وائرس پر قابو پایا ہے اس کی مثال دنیا کے کسی ملک اور خطے میں نہیں ملتی۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور یورپ کے مقابلے میں پاکستان نے کامیابی کے ساتھ مہلک وائرس پر قابو پایا۔پاکستان نے یہ کامیابی اپنی کمال مہارت کی وجہ سے حاصل کی ہے۔۔دوسری جانب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر وولکن بوزکر نے کہا ہے کہ دنیا کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔جب کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی، کورونا ویکسین کی تیاری کے لیے بہت سے ممالک کوششیں بروئے کار لا رہے ہیں ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم کی قرضوں میں سہولت کی تجویز سے وولکن بوزکر کو آگاہ کیا.