دُبئی(نیوز ڈیسک)متحدہ عرب امارات میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یومیہ کورونا کیسز کی گنتی میں دوبارہ سے اضافہ ہو گیا ہے، جن کی روک تھام کے لیے اعلیٰ حکام نے سر جوڑ لیے ہیں۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کورونا کیسز کی گنتی 210 تک آ گئی تھی، تاہم روان ہفتے کے دوران ان کیسز کی گنتی دوبارہ بڑھ کر گزشتہ روز 435 تک جا پہنچی ہے۔جس کی بڑی وجہ امارات میں مقیم افراد کی بے احتیاطی، سماجی فاصلے کی پابندی نہ کرنا اور ماسک نہ پہننا ہے۔ نیشنل کرائسز اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (NCEMA) کے ترجمان ڈاکٹر سیف الظہیری نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کیسز میں کمی
کے بعد ان کا پھر سے زیادہ ہو جانا ایک پریشان کُن با ت ہے۔اگر اگلے چند روز میں کورونا کے یومیہ کیسز کم ہونے کی بجائے مزید بڑھتے گئے تو پھر ڈیٹا اور سٹڈی کو سامنے رکھ کر زیادہ کیسز والے علاقوں میں دوبارہ سے نیشنل سٹیریلائزیشن پروگرام شروع کیا جا سکتا ہے۔جس کے لیے ہم نے اپنی جانب سے پوری تیاری کر رکھی ہے۔ نیشنل سٹیریلائزیشن دوبارہ شروع ہونے پر کورونا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والوں پر ایک بار پھر جرمانوں اور سزاؤں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ جبکہ مخصوص اوقات میں لوگوں کے گھروں سے بلاضرورت باہر آنے پر بھی پابندی ہو گی۔ڈاکٹر الظہیری نے تاکید کی کہ لوگ ذمہ داری کا ثبوت دیں تو اس وبا پر پوری طرح سے قابو پایا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں 26 مارچ 2020ء کو نیشنل سٹیریلائزیشن مہم شروع کی گئی تھی، 24 جون تک جاری رہنے والی اس مہم کے دوران لوگوں کے گھروں سے باہر نکالنے اور ڈرائیونگ پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ البتہ سرکاری اداروں و محکموں کے ملازمین اور ضروری گھریلو سامان اور ادویہ کی خریداری کے لیے نکلنے والوں کو خصوصی پاس جاری کیے جاتے تھے۔