ریاض(نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں سب سے زیادہ تعداد میں پاکستانی تارکین مقیم ہیں، تاہم کورونا کی وبا کے باعث بہت سے پاکستانی بے روزگار ہوئے، متعدد کی تنخواہیں کم کر دی گئیں، جبکہ ایسے افراد کی بھی کمی نہیں جنہیں کئی کئی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے دوران دوسرے ممالک کے مقابلہ میں سعودی عرب میں کم سے کم پاکستانی بیروزگار ہوئے۔معاون خصوصی زلفی بخاری نے سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن
سعید المالکی سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔ انہوں نے 30 لاکھ پاکستانیوں کی دیکھ بھال کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد سعودی عرب دورہ کے خواہش مند ہیں، جہاں وہ دوسرے شعبوں کے ساتھ سیاحت کے شعبہ میں بات چیت کے لیے پر امید ہیں۔واضح رہے کہ چند روز پر سوشل میڈیا پر سعودی عرب میں مقیم ایک پاکستانی محنت کش محمد ایاز کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس نے بتایا تھا کہ وہ ایک نجی کمپنی میں ملازم ہے۔ اس سمیت کمپنی کے 90 پاکستانی ملازمین کو گزشتہ 9 ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔ محمد ایاز نے مزید بتایا کہ تنخواہیں نہ ملنے سے ان کی جمع پونجی بھی ختم ہو گئی ہے۔انہیں کھانا پینا بھی ٹھیک طرح سے فراہم نہیں کیا جا رہا۔ ان کے اقاموں کی مُدت بھی ختم ہو رہی ہے جن کی تجدید نہ ہونے کی صورت میں تمام ملازمین کی حیثیت غیر قانونی ہو جائے گی۔ کارکنان کی جانب سے کئی بار کمپنی کے رویئے کے خلاف احتجاج کیا گیا، مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ محمد ایاز کا کہنا ہے کہ اس کے ساتھی کارکنان نے پاکستانی سفارت خانے سے بھی متعدد بار رابطہ کر کے ان کے ساتھ ہونے والی زیادتی سے آگاہ کیا، مگر ان کے ساتھ کوئی تعاون نہیں برتا جا رہا ۔سب مزدور بہت پریشان اور انتہائی ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔ ٰمیڈیا کے مطابق یہ ایک نجی کسٹرکشن کمپنی ہے جس کا ہیڈ آفس ابہا میں ہے۔ ملازمین کی جانب سے بار بار تقاضوں کے باوجود کمپنی انتظامیہ تنخواہیں دینے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔متاثرین نے وزیراعظم عمران خان اور مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری سے ان کا مسئلہ حل کرنے کے لیے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ دوسری جانب وزرات سمندر پار پاکستانیز کے حکام نے کہا ہے کہ معاملے کو ٹیک اوور کرلیا گیا ہے، تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر محنت کشوں کا معاملہ حل کیا جائے گا۔