منیلا(نیوز ڈیسک)فلپائن میں 6.6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ درجنوں عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن کے صوبے ماسبات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں۔ 50 سے زائد مریضوں کو اسپتال لایا گیا جس میں سے ایک نے دوران علاج دم توڑ دیا۔مکمل طور پر تباہ ہونے والی عمارتوں میں 2 کورونا طبی سینٹرز، ایک پل اور پورٹ میں واقع ایک عمارت بھی شامل ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کام جاری ہے اور اسپتالوں میں
ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔زلزلے سے تباہ ہونے والے دو کورونا سینٹرز میں زیر علاج 100 سے زائد مریضوں کو قریبی اسکول کی عمارت میں منتقل کردیا گیا ہے۔ کورونا کے مریضوں کو بھی چوٹیں آئی ہیں تاہم وہ خطرے سے باہر ہیں۔واضح رہے کہ 1990 میں 7.7 شدت کے زلزلے میں فلپائن میں 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 3 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے جب کہ 200 سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔دوسری جانب انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم فی الحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق پہلے زلزلے کی شدت 6.8 اور دوسرے کی 6.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ پہلے زلزلے کی گہرائی 22 کلومیٹر اور دوسرے کی 26 کلو میٹر زیر زمین تھی۔بنگکولو شہر کے ایک رہائشی نے اے ایف پی کو بتایا کہ پہلا زلزلہ کافی شدت کا تھا لیکن اس کے فورا بعد ہی ایک اور جھٹکا لگا جوکہ اتنا ہی زوردار تھا۔انڈونیشیا میں شدید ترین زلزلہ، سونامی وارننگ جاریزلزلے کے بعد انتظامیہ نے سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی جبکہ فوری طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔انڈونیشیا کی محکمہ موسمیات اور جیو فزکس ایجنسی کے مطابق زلزلے کے بعد علاقے میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔واضح رہے کہ اگست 2019 میں انڈونیشیا کے جنوبی جاوا جزائر کے قریب سمندر میں 6.9 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے بعد انتظامیہ نے سونامی کی وارننگ جاری کر دی تھی۔