واشنگٹن(نیوز ڈیسک) امریکہ نے 4ایرانی بحری جہازوں پر قبضہ کرلیا، ٹرمپ انتظامیہ نے وینزویلا کے لیے ایندھن لے کر جانے والے 4 ایرانی بحری جہازوں کو ضبط کر لیا، تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار “وال اسٹریٹ جرنل” نے امریکی ذمے داران کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے پہلی مرتبہ 4 ایرانی بحری جہازوں کو ضبط کر لیا ہے جو وینزویلا کے لیے ایندھن لے کر جا رہے تھے۔ان جہازوں کو پابندیوں کی خلاف ورزی کے سبب پکڑا گیا ہے تا کہ تہران پر انتہائی دباؤ کی مہم کو بھرپور بنایا جا سکے گا۔ ذمے داران کے مطابق ان چار جہازوں کے نام لونا، بیلا، بیرن
اور پانڈی ہیں اور انہیں گذشتہ چند روز کے دوران پکڑا گیا۔ اب ان تمام جہازوں کو امریکا کے شہر ہیوسٹن روانہ کر دیا گیا ہے جہاں وائٹ ہاؤس کے ذمے داران ان کے پہنچنے کے منتظر ہیں۔اس سے قبل گذشتہ ماہ امریکی وفاقی عدالت میں دعوی دائر کیا گیا تھا کہ وینزویلا کی جانب گامزن ایران کا ایندھن لے جانے والے چار بحری جہازوں کو قبضے میں لیا جائے۔ ایک امریکی ذمے دار نے وال اسٹریٹ جرنل کو بتایا کہ ان تمام جہازوں کو عسکری طاقت کے استعمال کے بغیر ہی قبضے میں لے لیا گیا۔ تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ گذشتہ برس امریکا نے ایک ایرانی آئل ٹینکر پر کنٹرول کے لیے عدالتی تعاون کے سمجھوتوں کو استعمال کرنے کی کوشش کی تھی۔یہ جہاز Grace 1 برطانیہ کے زیر انتظام جبل طارق کے ریجن میں زیر حراست تھا۔ واشنگٹن کی وفاقی عدالت کے جج نے گذشتہ ہفتے اپنے فیصلے میں امریکا کو اختیار دیا تھا کہ وہ اس جہاز کی سرزنش کے لیے اقدام کرے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی مرکزی کمان نے بتایا تھا کہ ایرانی افواج نے بین الاقوامی پانی میں کارروائی کرتے ہوئے ویلانامی ایک بحری جہاز پر چڑھائی کر دی ہے۔ اس آپریشن میں ایرانی فورسز کو دو بحری جہازوں اور ایک فوجی ہیلی کاپٹر کی معاونت حاصل تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی مرکزی کمان نے اپنے ٹویٹر اکانٹ پر ایک وڈیو پوسٹ کی تھی۔ وڈیو میں ایک ہیلی کاپٹر ایک بحری جہاز کے اوپر فضا میں معلق نظر آ رہا ہے اور متعدد افراد جہاز کے عرشے پر اترتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔