لندن(نیوز ڈیسک)نوول کورونا وائرس کے نتیجے میں جسم کے مختلف حصے متاثر ہوسکتے ہیں مگر اب پہلی بار انکشاف ہوا ہے کہ اس سے سننے کی حس سے محرومی کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ انکشاف ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا۔طبی جریدے بی ایم جے کیس رپورٹس میں شائع تحقیق میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک 45 سالہ شخص کے بارے میں بتایا گیا کہ جو کووڈ 19 کا شکار ہونے کے بعد سننے کی حس سے محروم ہوگیا۔یہ برطانیہ میں کووڈ 19 سے متاثر کسی فرد میں اس نوعیت کا پہلا کیس ہے۔اس شخص کو کووڈ 19 سے پہلے دمہ کا سامنا تھا اور اسے
اچانک سننے کی محرومی کا سامنا ہوا اور 3 دن کے اندر اندرونی کان کو نقصان پہنچا۔تحقیق میں شامل ڈاکٹروں کے مطابق اب تک دنیا بھر میں کووڈ 19 کے نتیجے میں سننے کی حس سے ہمیشہ کی محرومی کے صرف 5 کیسز سامنے آئے ہیں اور برطانیہ میں یہ پہلا کیس تھا۔ڈاکٹروں کی جانب سے اس مریض کے علاج کے لیے ریمیڈیسیور، اسٹرائیڈز اور پلازما کا استعمال کیا گیا، جس کے بعد اس کی حالت بہتر ہونے لگی۔مگر وینٹی لیٹر سے نکالے جانے کے ایک ہفتے بعد مریض کو محسوس ہوا کہ وہ اپنے دونوں کانوں سے بیشتر آوازیں سن نہیں پاتا، جس کا تجربہ اسے پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔اس شخص نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ اسے پہلے کبھی سننے کے مسائل کا سامنا نہیں ہوا تھا اور جب اس کے کانوں کا معائنہ کیا گیا، تو وہاں کسی قسم کے ورم یا انفیکشن کی علامات نظر نہیں آئی۔مگر مختلف ٹیسٹوں کے مکمل ہونے پر دریفت کیا گیا کہ اس مریض کو سننے کی حس سے محرومی کا سامنا ہوا ہے۔ڈاکٹروں کی جانب سے اس تشخیص کے بعد 7 دن تک اسٹرائیڈز ادویات دی گئیں، جس کے بعد اس کی سننے کی صلاحیت مخصوص فریکوئنسیز کے لیے بہتر ہوگئی مگر مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی۔