اسلام آباد(نیوز ڈیسک)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں چھٹی سے آٹھویں تک اسکول کھولنے کی اجازت دیدی۔این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کل سے چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔این سی او سی کے اجلاس کے بعد وزیر تعلیم خیبر پختونخوا شہرام ترکئی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ آج این سی او سی کے اجلاس میں شرکت کے بعد ہم نے کل سے خیبر پختونخوا کے اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔شہرام ترکئی نے بتایا کہ کل سے دوسرے مرحلے میں خیبر پختونخوا کے چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کے تمام اسکولز کھول دیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم کا یہ بھی کہنا تھا کہ بچوں کا مزید قیتمی وقت ضائع نہیں کر سکتے، اگر حالات بہتر ہوئے تو پرائمری اسکول بھی جلد کھول دیے جائیں گئے۔وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے بھی اپنے بیان میں کل سے چھٹی تا آٹھویں جماعت تک اسکولوں کو کھولنے کا اعلان کیا۔سندھ کے وزیرتعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ صوبے میں چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز کا آغاز28 ستمبر سے ہی ہوگا، ایس او پیز پر عمل در آمد تک بچوں کی صحت پرسمجھوتہ نہیں کرسکتے۔خیال رہے کہ این سی او سی نے نویں دسویں اور بڑی جماعتوں کو 15 ستمبر سے جب کہ چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کے اسکولوں کو 22 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔تاہم حکومت سندھ نے کورونا کیسز بڑھنے کے پیش نظر دوسرے مرحلے کے تحت 22 ستمبر سے چھٹی تا آٹھویں جماعت تک اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا تھا۔حکومت سندھ کے اعلان کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے متعلق جلد بازی کا کوئی بھی فیصلہ تعلیم کو تباہ کرے گا، این سی او سی کے اجلاس میں تعلیمی اداروں سے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے۔