لاہور(نیوز ڈیسک) کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی، سروسز، جناح اور دیگر اسپتالوں کے کورونا وارڈ بند کر دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کیسز کی تعداد میں کمی آنے کے بعد کورونا وارڈ بند کرنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے پنجاب حکومت کے مثبت اقدامات کو سپریم کورٹ نے بھی سراہا ہے، سپریم کورٹ کے ریمارکس پنجاب حکومت کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ معزز جج صاحبان نے بزدار حکومت کے انتظامات کو مؤثر قرار دیا ،
معزز بینچ نے کہا کہ بزدار حکومت کے کورونا مخالف اقدامات مثبت اور درست سمت میں ہیں۔ خیال رہے کہ پوری دنیا کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس نے اپنے قدم جما لئے تھے جس کے بعد اب حالات بہتری کی طرف آنا شروع ہو گئے ہیں۔پنجاب کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں صوبہ بھر میں 4200 سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے صرف 139 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ صرف 5 افراد کورونا کا شکار ہو کر لقمہ اجل بنے ہیں۔پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق اب تک پنجاب بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی کل تعدادا 93 ہزار 336 ریکارڈ کی گئی ہے جن میں سے 82 ہزار 575 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق اب تک پنجاب بھر میں کورونا وائرس سے 2153 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10 ہزار 690 ٹیسٹ کیے گئے، اور 432 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 461 تک جا پہنچی جبکہ میں صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 49 ہزار 379 ہو گئی۔اس کے علاوہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 15 اموات ہوئیں ،جس کے بعد مہلک وائرس سے اموات کی کل تعداد 5999 ہو گئی ہے۔