اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ڈاکٹر فیصل سلطان نے عوام کو کرونا ویکسین کی علامات سے متعلق آگاہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کی جانب سے ملک میں کرونا ویکسی نیشن کے آغاز کے حوالے سے اہم تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ ڈاکٹرز فیصل سلطان نے عوام کو کرونا ویکسین کی علامات سے متعلق بھی آگاہ کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسین لگوانے کے بعد ایک دن کیلئے بخار یا ہلکا درد ہو سکتا ہے۔ ویکسی نیشن کے بعد بخار سے پتا چلے گا کہ ویکسین کارگر ثابت ہو رہی ہے۔ ان کا مزید بتانا ہے کہ چین کی ویکسین
سائنو فارم 86 فیصد تک موثر ہے، پاکستان کی 22 کروڑ آبادی میں صرف 10 کروڑ افراد کو لگائی جائے گی، اٹھارہ سال سے کم عمر افراد کو ویکسین نہیں دی جائے گی۔پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی، پہلی ڈوز کے 21 دن بعد دوسرا انجکشن لگے گا، ہر شہری کو ویکسین مفت لگائی جائے گی۔ کراچی کے ڈاوؤ ہسپتال میں کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے تقریب ہوئی۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیر صحت سندھ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ وائس چانسلر ڈاو یونیورسٹی نے ویکسین سینٹر میں انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے ویکسین فراہم کرنے پر چین اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔پشاور میں بھی کورونا ویکسی نیشن کی تقریب ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا شریک ہوئے۔ نصیر اللہ بابر ہسپتال کے ڈاکٹر کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔ محمود خان نے کورونا ویکسینیشن کا افتتاح کیا۔بلوچستان میں بھی مہم کا آغاز ہوگیا۔ کوئٹہ میں ہونے والی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان شریک ہوئے۔ اس موقع پر ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔ جام کمال کا کہنا تھا ویکسی نیشن کے عمل کو بتدریج آگے بڑھائیں گے، بلوچستان میں 8 ہزار کے قریب ہیلتھ ورکرز ہیں۔