کورونا وبا کے باوجود ملکی معیشت بارے بڑی خوشخبری، وزیراعظم نے شاندار اعلان کردیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کی وبا کے باوجود ہماری معیشت کے لیے اچھی خبریں ہیں۔عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر کے بارے میں ایک ٹوئٹ کی۔انہوں نے ٹوئٹ کی کہ وبا کے باوجود ہماری معیشت کے لیے خوشخبری ہے۔وزیراعظم کے مطابق ’ستمبر 2020 میں بیرون ملک سے ہمارے محتنی پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی جانے والی ترسیلات زر 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی جو گزشتہ ستمبر کے مقابلے میں 31 فیصد زیادہ ہے‘۔ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ’یہ ترسیلات زر اگست 2020 کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہیں

جبکہ یہ چوتھا مہینہ ہے کہ یہ ترسیلات 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہیں‘۔خیال رہے کہ رواں مالی سال کے آغاز یعنی جولائی 2020 سے ہی ملک میں ترسیلات زر میں مزید اضافہ دیکھا گیا ہے۔یہاں یہ یاد رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں بیرون ملک سے 23 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر موصول ہوئی تھیں۔رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی میں ملک میں 2 ارب 76 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات موصول ہوئیں جو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پاکستان میں ایک ماہ میں سب سے زیادہ ترسیلات زر کی سطح تھی۔جس کے بعد اب ستمبر میں بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر 2 ارب 30 کروڑ ڈالر رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں