پاکستان انجینئرنگ کونسل کا ینگ انجینئرز نیشنل فورم کے قیام کا اعلان

اسلام آباد (اصغرحیات) پاکستان انجینئرنگ کونسل نے (پی ای سی) نوجوان انجینئرز کے ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لئے “ینگ انجینئرز نیشنل فورم” (YENF) کے قیام کا اعلان کردیا ہے، پاکستان انجینئرنگ کونسل کے مطابق ینگ انجینئرز نیشنل فورم ایک متحرک پلیٹ فارم ہوگا جس کا مقصد ملک کے نوجوان انجینئرز کو بااختیار بنانا اور ان کی ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے۔ ینگ انجینئرز نیشنل فورم کی تشکیل کیلئے ینگ انجینئرز ایسوسی ایشنز، سوسائٹیز، اور گروپوں کو رجسٹریشن کی دعوت دی گئی ہے۔ تاکہ ینگ انجینئرز کا ڈیٹا بیس تشکیل دے کر انکی قائدانہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جاسکیں۔

چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر نے کہا ہے کہ ینگ انجینئرز نیشنل فورم نوجوان انجینئرز کا نمائندہ فورم ہوگا، فورم نوجوان انجینئرز میں قائدانہ صلاحیتوں اور تکنیکی مہارتوں میں اضافے اور انکی پیشہ ورانہ ترقی کیلئے کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان انجینئرز کی استعداد کار بڑھا کر مقامی اور عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تیار کرنا پی ای سی کی اولین ترجیع ہے۔

چیئرمین انجینر وسیم نذیر نے کہا کہ ینگ انجینئرز نیشنل فورم نوجوان انجینئرز کے لئے نمائندہ ادارے کے طور پر کام کرے گا، یہ فورم ینگ انجینئرز کیلئے اقدامات پر تجاویز دے گا۔فورم ینگ انجینئرز کیلئے پاکستان کونسل انجینئرنگ کونسل کے اقدامات کو آگے بڑھائے گا۔ ینگ انجینئرز فورم قومی یکجہتی اور انجینئرنگ پروفیشن میں اتحاد کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ چیئرمین انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ اس کا مقصد انجینئرنگ کے پیشے کو مزید بہتر بنانے کے مواقع تلاش کرنا اور اپنے ینگ انجینئرزکے درمیان بھائی چارہ کو فروغ دینا بھی ہے۔

پاکستان انجینئرنگ کونسل نے نوجوان انجینئرز سے اپیل کی ہے کہ پی ای سی کی طرف سے قائم کردہ ینگ انجینئرز نیشنل فورم کا حصہ بن کر اپنا متحرک کردار ادا کریں۔ پی ای سی کے مطابق ینگ انجینئرز ایسوسی ایشنز، سوسائٹیز، اور گروپ درجہ ذیل لنک پر کلک کرکے اس فورم میں نمائندگی کیلئے اپلائی کرسکیں گے: https://forms.gle/wjkmtCySWaoUvFnc7۔ ینگ انجینئرنگ سوسائٹیز اور گروپوں کیلئے تفصیلات جمع کروانے کی آخری تاریخ 20 جنوری 2025 ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں