گوپس گلگت (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان جیسے شخص کا نام بھی نہیں لینا چاہتی ، کیوں کہ نواز شریف نے تو پہلے ہی کہہ دیا کہ آپ چھوٹے آدمی ہو اور یہ بڑوں کی لڑائی ہے ، لیکن میری مجبوری ہے کہ عوام کے مجرم عمران خان کا نام لینا پڑتا ہے ، کیوں کہ جب علاج مقصود ہو تو بیماری کا نام لینا پڑتا ہے ، آج پاکستان کو جو بیماری لاحق ہے اس کا نام عمران خان ہے ، یہ بیماری اٹھاکر پھینکنے سے جائے گی ، یہ حکومت جارہی ہے ہم نے ان کا یوم احتساب کرنا ہے ۔گلگت بلتستان کے علاقے گوپس میں انتکابی جلسے سے خطاب
میں مریم نواز نے کہا کہ گلگت چترال روڈ کو سی پیک میں شامل کیا گیا جبکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہی گلگت بلتستان سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا اور اسی گلگت بلتستان میں امن کی وجہ سے گزشتہ 5 سال میں لاکھوں سیاح آئے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے گلگت بلتستان میں سڑکیں اور اسپتال بنائے۔ اسی طرح دیامر بھاشا ڈیم پر نواز شریف نے جو کام کیا وہ آج تک کسی نے نہیں کیا تاہم اب ہم دیامر بھاشا ڈیم متاثرین کے معاوضے کے لیے سینیٹ اور پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں گے۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ مہنگائی نےغریب عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے لیکن اب آپ کے مسائل کا ایک ہی حل ہے جس کا نام نواز شریف اور مسلم لیگ ن ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سڑکیں اور موٹروے نواز شریف نے بنائی اور اب اگر انتقام کا نشانہ بنتا ہے تو وہ بھی نواز شریف ہی ہے۔ پیٹرول، ادویات کی قیمتیں کم کرنے والا بھی نواز شریف ہی ہے لیکن جھوٹے مقدمات کا سامنا بھی نواز شریف کر رہے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ بدترین انتقام کے باوجود نواز شریف جھکے نہیں ہیں اور اگر آج نواز شریف کھڑے ہیں تو صرف آپ کے لیے کھڑے ہیں۔ نواز شریف کے مخالفین اخلاق سے گرے ہوئے لوگ ہیں اور یہ لوگ نواز شریف سے حسد اور انتقام میں بہت آگے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں عمران خان جیسے شخص کا نام بھی نہیں لینا چاہتی جبکہ نواز شریف نے پہلے کہہ دیا تھا کہ آپ چھوٹے آدمی ہو اور یہ بڑوں کی لڑائی ہے تاہم میری مجبوری ہے کہ عوام کے مجرم عمران خان کا نام لینا پڑتا ہے کیونکہ جب علاج مقصود ہو تو بیماری کا نام لینا پڑتا ہے۔