صحت دشمن عناصر کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک نجی فیکٹری “چلتن پیور” پر چھاپہ مارا۔ کارروائی وزیراعلیٰ پنجاب کمپلینٹ پورٹل پر موصول ہونے والی شکایت کی بنیاد پر کی گئی۔

فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے فیکٹری میں موجود تمام متعلقہ مصنوعات اور اسٹاک اپنی تحویل میں لے کر تلف کر دیا، جبکہ مزید جانچ کے لیے مختلف مصنوعات کے نمونے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔

فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق وزیراعلیٰ کمپلینٹ پورٹل پر درج شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ کمپنی اپنی مصنوعات کو “آرگینک” قرار دے کر فروخت کر رہی ہے، تاہم مبینہ طور پر مصنوعات مقررہ معیار اور دعوؤں کے مطابق تیار نہیں کی جا رہی تھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں موجود تمام متعلقہ مصنوعات کے نمونے منظور شدہ لیبارٹریوں سے ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر مارکیٹ میں ممکنہ ترسیل روکنے کے لیے فیکٹری میں موجود تمام اسٹاک تلف کیا گیا، جبکہ مزید کارروائی لیبارٹری رپورٹس کی روشنی میں عمل میں لائی جائے گی۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق اگر لیبارٹری تجزیے میں مصنوعات غیر معیاری یا قوانین کے خلاف ثابت ہوئیں تو ذمہ داران کے خلاف جرمانوں سمیت مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکام نے واضح کیا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور صحت دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں