کراچی(نیوز ڈیسک) ملک میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں کمی آئی ہے۔زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو بھی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کو تنزلی کا سامنا رہا۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر اتارچڑھاو کے بعد مزید 15پیسے کی کمی سے 162روپے 28پیسے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 15پیسے کی کمی سے 162روپے 55پیسے پر بند ہوئی۔دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت 7ڈالر کی کمی 1905ڈالر کی سطح پرپہنچنے کے باعث مقامی صرافہ
مارکیٹوں میں بھی منگل کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 300روپے اور 257روپے کی کمی واقع ہوئی۔کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 115700روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 99194روپے ہوگئی۔بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہناہے کہ دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں منگل کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت 2000روپے کم رہی ہے۔یاد رہے کہ دو روز قبل کاروباری ہفتے کے چوتھے روز صرافہ بازار میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 500 روپے کی کمی ہوئی تھی۔آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 500 روپے کمی کے بعد فی تولہ نئی قیمت ایک لاکھ 15 ہزار 700 روپے ہوگئی۔آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں 429 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 99 ہزار 108 روپے ہو گئی۔