کراچی(نیوز ڈیسک)سپرہائی وے نوری آباد کے قریب وین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد14 ہوگئی جب کہ حادثے کے مزید چار زخمیوں کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق حیدر آباد سے کراچی آنے والی مسافر وین نوری آباد کے نزدیک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے ماسافروں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔ زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ حادثے میں مجموعی طور پر زخمیوں کی تعداد14 ہوگئی۔ ہائی ایس وین میں آگ لگنے کے واقعے کی اطلاع پر ایڈیشنل آئی جی موٹر وے پولیس ساؤتھ ریجن ڈاکٹر آفتاب پٹھان بھی موقع
پر پہنچ گئے جہاں انھوں نے واقعے سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی وین کے آگے چلنے والی گاڑی کا بونٹ نکل کر پیچھے کی جانب آیا جو شبہ ہے کہ وین کے ونڈ اسکرین سے ٹکرایا یا پہیوں میں آگیا جس کے باعث ہائی ایس وین ڈرائیور سے بے قابو ہو کر قلابازیاں کھاتے ہوئے کچے میں جا گری۔ جس کے نتیجے میں آگ بھڑک گئی اور اس میں سوار افراد جھلس کر جاں بحق و زخمی ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں وین کا ڈرائیور بھی شامل ہے جبکہ حادثے کا سبب بننے والی کار کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے اطراف کی تمام ورکشاپس پر کار کا سراغ لگانے کے لیے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق مسافر وین تیز رفتاری میں موٹر وے پر سفر کر رہی تھی کہ کسی چیز سے ٹکرانے کے بعد کلابازیاں کھاتے ہوئے ہائی وے سے نیچے کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں وین کے اندر موجود سلنڈر ایک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں وین میں آگ بھڑک اٹھی اور آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری وین کو لپیٹے میں لے لیا وین کے شیشے ٹوٹنے سے دو مسافر جان بچانے میں کامیاب ہو گئے لیکن وین میں سوار 5 خواتین 2 بچوں سمیت 13 افراد جل کر راکھ ہوگئے جب کہ 6 مسافر جھلس کر زخمی ہو گئے۔موقع پر ریسکیو نہ ملنے پر مسافروں کی ہلاکتیں زیادہ ہوئیں جب کہ اطلاع ملنے پر موٹر وے پولیس نے پہنچ کر ایف ڈبلیو او کی فائر بریگیڈ طلب کی جس نے آگ پر قابو پا لیا، موٹر وے پولیس نے ایدھی کی مدد سے لاشوں کو نکال کر نوری آباد ٹرامہ سینٹر منتقل کیا جب کہ 6 زخمیوں کو کراچی منتقل کردیا گیا۔