لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب حکومت نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے صوبے میں میرج ہال، ریسٹورنٹس،سینما، تھیٹر اور دیگر تفریحی مقامات کھولنے کی سفارش کردی ہے۔پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا نے کورونا کیسز میں کمی کے پیش نظر صوبے میں میرج ہال، ریسٹورنٹس، سینما، تھیٹر اور دیگر تفریحی مقامات کھولنے سے متعلق سفارشات مرتب کی ہیں۔وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت تمام شعبوں اور معاشی سرگرمیوں کو فعال کرنا چاہتی ہے، مختلف شعبے کھولنے کی اجازت این سی او سی کے فیصلے سے مشروط ہے۔ اس سلسلے میں کابینہ کمیٹی کی سفارشات
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کو ارسال کی جائے گی۔ ایوانِ وزیراعلیٰ لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر انسداد ِکورونا کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا وائرس کی صورتحال اور اس کاپھیلاؤ روکنے کے حوالے سے مختلف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔کابینہ کمیٹی نے کورونا کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئےوفاقی حکومت کو ایس او پیز کے تحت شادی ہالز، ریسٹورنٹس، سیاحتی مراکز ، سینما ، تھیٹرز ، کلبز، پارکس، کاروباری مراکز اور کھیلوں کے میدان کھولنے کی سفارش کی۔وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کہتےہیں کہ اس سلسلےمیں حتمی فیصلہ این سی اوسی کے اجلاس میں کیاجائےگا۔خیال رہے کہ ملک بھر کی طرح پنجاب میں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ کے مہینے سے اسکولز، شادی ہالز، سنیما، ریسٹورنٹس اور پارک وغیرہ بند ہیں جبکہ 9 مئی سے ملک بھر میں سخت لاک ڈاؤن ختم کرکے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جس کے تحت کاروباری مراکز کو مخصوص اوقات میں ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔اب چونکہ ملک میں کورونا کیسز کا گراف نیچے جارہا رہا ہے لہٰذا کاروبار کو مکمل بحال اور شادی ہالز، ریسٹورنٹس اور اسکولز کھولنے کیلئے بھی دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔