لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے محرم الحرام میں فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ مسجد ، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے، مجالس اور جلوسوں کے دوران کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمداور ماسک پہننے کی پابندی کروائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت آج ایوان وزیر اعلی میں ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا – اجلا س میں محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے مجالس اور جلوسوں کے لئے کورونا
ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے -وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضابط اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔جلوسوں اور مجالس میں کورونا ایس او پیز کو ضرور ملحوظ خاطر رکھا جائے- کورونا پر جلد مکمل قابو پا لیں گے لیکن احتیاط بے حد ضروری ہے۔مجالس کے دوران ماسک کی پابندی لازمی کی جائے- ایس او پیز کی خلاف ورزی کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔ جلوسوں کے روٹ پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے- محرم الحرام کے دوران صوبے میں قانون کی عملداری کو ہرصورت یقینی بنایا جائے- مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت کے سدباب کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے- محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔اس موقع پر محکمہ داخلہ، محکمہ صحت اور ماہرین نے بریفنگ دی- اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جی او سی 10 ڈویژن میجرجنرل محمد انیق الرحمن، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد عامر مجیداور دیگر عسکری حکام نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزراء راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس، پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیر اعلی، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر،سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، پروفیسر میاں محمد اویس، پروفیسر ڈاکٹر سائرہ افضل اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔
اسی طرح پنجاب میں کورونا صورتحال کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیکرٹری محکمہ صحت پنجاب محمد عثمان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اطلاق آج سے ہوگا۔ کورونا کے مریض والے گھر، دکان کو سیل کیا جائے گا۔ متاثرہ گھر یا دکان کے پورے علاقے کو سیل نہیں کیا جائے گا، متاثرہ شخص گھر پر 14روز قرنطینہ میں رہے گا۔