ملک میں ایک عید اور رمضان بارے وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے بڑااعلان کردیا

پشاور (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے ایک مرتبہ پھر ملک بھر میں ایک ہی رمضان اور عید ہونے کے عہد کا اعادہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ اب وہ بات نہیں ہوگی کہ ” پٹھان جانے اور رمضان جانے”۔ انہوں نے یہ بات ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر تقریب میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد، غلام احمد بلور، ڈاکٹر قبلہ آیاز، ملک طارق اعوان بھی موجود تھے۔ تقریب میں مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ مفتی شہاب الدین سے رابطہ ہوا ہے ایک دو ملاقاتوں میں مسئلہ حل ہوجائے گا۔

جبکہ گذشتہ روز مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین اور بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب وامام مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ رمضان کے حوالے سے آنے والا اجلاس پشاور میں منعقد کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ چاند کے معاملے پر قومی وحدت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں سندھ، پنجاب کے بعد بلوچستان کا بھی دورہ کروں گا۔ رمضان و عید کے معاملے پر شرعی شہادتوں کی روشنی میں فیصلے ہوتے ہیں، آئندہ محکمہ موسمیات اور جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ حاصل کریں گے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین اور بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب وامام مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد ان دنوں پشاور کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے امیر مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے خیر سگالی ملاقات بھی کی تھی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ ایک ہی دن عید اور روزے کا اہتمام کریں گے۔ یاد رہے کہ مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کو حال ہی میں مفتی منیب الرحمان کی جگہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد مولانا عبد الخبیر آزاد نے اعلان کیا تھا کہ وہ مفتی پوپلزئی سے بات چیت کریں گے جس کے بعد ملک بھر میں ایک ہی دن رمضان کا آغاز ہو گا اور ایک ہی دن عید منائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں