اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سرکاری ملازمین سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی نے ملاقات کی جس میں شیخ رشید، پرویز خٹک اور علی محمد خان شامل تھے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور حکومتی مذاکراتی ٹیم کی ملاقات میں وزارت خزانہ کے حکام نے بریفنگ دی اور تنخواہوں میں اضافے سے قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ سے تفصیلی آگاہ کیا گیا جب کہ اس دوران سرکاری ملازمین سے طے ہونے والے فارمولے پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وزارت خزانہ کے حکام اور مذاکراتی کمیٹی کی بریفنگ کے بعد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی تاہم یہ منظوری کابینہ سے بھی لی جائے گی۔ذرائع کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کی منظوری کابینہ سے سرکولیشن سمری کے ذریعے لی جائے گی جس کے بعد تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں سرکاری ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے احتجاج کیا اور پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف مارچ کی کوشش کی جس پر پولیس نے ملازمین پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج کرکے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔یاد رہے رات گئے سرکاری ملازمین کےنمائندوں سے حکومتی کمیٹی کے تنخواہیں بڑھانےکےحوالےسے مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق اعلان آج دوپہر2بجے کیا جائے گا۔اجلاس میں تمام گرفتارسرکاری ملازمین کورہاکرنےکافیصلہ کیا گیا اور تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کی یقین دہائی کرائی گئی، جس کے بعد وزیرداخلہ نے اسلام آبادانتظامیہ کوہدایت کی کہ گرفتار ملازمین کورہا کیا جائے۔مذاکرات میں پرویزخٹک،شیخ رشید اورعلی محمدخان کی شرکت جبکہ سرکاری ملازمین کی نمائندگی آل گورنمنٹ امپلائزالائنس کےچیئرمین نے کی۔