اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ عوام نے اپوزیشن کو مسترد کر دیا ہے، پوری قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے جو عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کو آگے لیکر جانے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل سیاسی جماعتوں میں آپس میں اتفاق نہیں ہے، انہی لوگوں نے پہلے استعفوں کی تاریخیں دی تھیں، ن لیگ سمیت کئی جماعتیں لانگ مارچ کرنا چاہتی ہیں جبکہ پیپلزپارٹی وزیراعظم
عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانا چاہتی ہے، پیپلزپارٹی نے حکومت کی اتحادی جماعتوں کے ساتھ توقعات وابستہ کر لی ہیں، وہ چاہتی ہیں کہ حکومت اور اتحادیوں میں اختلافات ہوں لیکن ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہو گی۔ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ شہباز شریف این آر او کیلئے حکومت کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے، یہ لوگ چاہتے ہیں کہ کسی نہ کسی طریقے سے ان کے کرپشن کیسز معاف ہو جائیں اور انہیں این آر او مل جائے، وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آ کر اثاثے بنائے اور نہ ہی منی لانڈرنگ کرتے ہیں، وہ اپنے اخراجات خود اٹھاتے ہیں اور وزراءکا احتساب کرتے ہیں، اپوزیشن کچھ بھی کر لے وہ کسی صورت میں بدعنوان عناصر کو این آر او نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ فارن فنڈنگ نہیں، ممنوعہ فنڈنگ کیس ہے، گزشتہ پانچ سال تک ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا مقرر کردہ الیکشن کمیشن تھا، اب یہ لوگ متنازعہ بیانات دیکر کنفیوژن پیدا کرنا چاہتے ہیں، تحریک انصاف کو فنڈنگ کرنے والے تمام پاکستانی ہیں، ایک بھی شخص ایسا نہیں جس نے ممنوعہ فنڈنگ کی ہو، ہم الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 40 ہزار لوگوں کی تفصیلات دے چکے ہیں، چاہتے ہیں کہ کیس کی اوپن سماعت ہو تاکہ حقائق قوم کے سامنے آئیں۔