راولپنڈی (ویب ڈیسک)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت265ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں فورم نے چند حلقوں کی جانب سے ”عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اورمخصوص مفادات کے حصول کے لئے قیاس آرائیوں پر اظہارِ تشویش کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے،آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردارادا کرتی رہے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فورم نے امن و استحکام کیلئے شہداء، افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا،فورم نے ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ” عزمِ استحکام” کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔فورم نے انسدادِ دہشتگردی کے لئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں ”عزمِ استحکام“ کو اہم قدم قرار دیا ساتھ ہی ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے”عزمِ استحکام“ دہشتگردی اورغیر قانونی سرگرمیوں کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کیلئےوقت کا اہم تقاضہ قرار دیا۔
