وزیراعظم سردار تنویرالیاس کی محکمہ جات کو کارگردگی بہتر بنانے اور عوام کو ریلیف دینے کی ہدایت

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت محکمہ جات کی پراگریس کے حوالہ سے جائزہ اجلاس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات فیاض علی عباسی نے محکمہ جات کی کارکردگی اور منصوبوں کی تکمیل کے حوالہ سے بریفنگ دی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویرالیاس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جات کی کارکردگی کو بہتر بنانے، عوام کے لیے فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے وزراء کرام موثر مانیٹرنگ کے لیے جامع پالیس بنائیں۔ عوامی ضرورت کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ کام کے معیار اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے۔ وزیراعظم آزاد کشمیرسردار تنویر الیاس نے کہا کہ محکمہ جات کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کی جائیں۔ ماہانہ بنیادوں پر جائزہ اجلاس منعقد ہو گا تاکہ ترقیاتی منصوبوں کے کام کی رفتار اور تکمیل کا جائزہ لیا جائے گا۔ تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں۔ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کی پرفارمنس بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیرا عظم آزادکشمیر نے کہا کہ عوامی اور ریاست کے مفاد کے منصوبے بروقت مکمل کیئے جائیں۔ تمام محکمہ جات اپنی استعداد کار کو بہتر بنائیں۔

وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویرالیاس نے کہا کہ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز میں بہتری کے لیے اتھارٹیز کی پرفارمنس کا جائزہ لیا جائے۔ وزیراعظم نے تمام محکمہ جات کے سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ ملازمین کے ٹیکس ریٹرن اور گوشوارہ جات اور اثاثہ جات بروقت جمع کروائیں۔

وزیرا عظم نے کہا کہ ترجیحات سیٹ کریں اور عوامی نوعیت کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور موثر مانیٹرنگ کے لیے پالیسی بنائی جائے۔ اجلاس میں پی ایس ڈی پی کے تحت جاریہ منصوبہ جات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد، وزراء حکومت چوہدری محمد رشید، عبدالماجد خان،دیوان علی خان چغتائی، محمد اکبر ابراہیم،چوہدری ارشد حسین، سردار میر اکبر خان، چوہدری محمد اخلاق، نثار انصر ابدالی، محمد اکمل سرگالہ، چوہدری یاسر سلطان، چوہدری اظہر صادق،چوہدری مقبول احمد، علی شان سونی، مشیر حکومت سردار محمد حسین ،حافظ حامد رضا، معاونین خصوصی،ممبر اسمبلی عاصم شریف بٹ، چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری مالیات،سیکرٹری صاحبان حکومت، سربراہان محکمہ جات نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں