ریاض(نیوز ڈیسک) سعودی عرب پاکستان کا سچا اور دیرینہ دوست ہے۔ جس نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان اور پاکستانی عوام کی مدد کی ہے۔ چاہے وہ جنگ کا موقع ہو یا کوئی قحط، آفت یا دہشت گردی کی جنگ۔ سعودی حکومت کی جانب سے ہر موقع پر پاکستان کو اخلاقی، سفارتی اور مالی امداد مہیا کی گئی ہے۔ اسی وجہ سے پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی لازوال ہے۔سعودی عرب نے دو روز قبل پاکستانی عوام کو 150 ٹن کھجوریں بطور تحفہ دی تھی۔ اب ایک بار پھر مزید 120 ٹن کھجوروں کا تحفہ دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے ایک بار
پھر سینکڑوں ٹن کھجوروں کا تحفہ پاکستان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کر کے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کھجوروں کی یہ کھیپ پاکستانی حکام کے حوالے کر دی ہے۔کھجوروں کا یہ تحفہ صوبہ پنجاب کے صوبائی وزیر برائے مذہبی امور و اوقاف سید سعید الحسن نے وصول کیا۔ اس موقع پر سعید الحسن نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ دونوں برادر اسلامی ممالک اخوت کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ سعودی حکومت دُنیا بھر کے مسلمان ممالک کی عوام کے لیے خیراتی و رفاہی کاموں میں پیش پیش ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل بھی سعودی حکومت نے پاکستانی عوام کے لیے 150 ٹن کھجوریں بھجوا ئی تھیں۔ اسلام آباد میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنی حکومت کی جانب سے یہ تحفہ پاکستانی حکام کے حوالے کیا تھا۔ اس حوالے سے اسلام آبا د میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں کیبنٹ سیکرٹری بریگیڈیئر طاہر رشید بھی موجود تھے۔ سعودی سفارت خانے نے ایک ٹویٹر پیغام کے ذریعے بتایا کہ کھجوروں کا یہ تحفہ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی جانب سے دیا گیا ہے۔گزشتہ سال بھی سعودی حکومت نے رمضان کے موقع پر پاکستانی بھائیوں کے لیے 150 ٹن کھجوروں کا تحفہ بھیجا تھا۔ یہاں آپ کو بتاتے چلیں کہ چند روز قبل بھی سعودی حکومت نے لاکھوں پاکستانیوں میں رمضان فوڈ پیکیج کی تقسیم شروع کر دی ہے۔ سعودی شاہ سلمان کے فلاحی
امدادی ادارے کی طرف سے 20700 فوڈ پیکیج کی تقسیم شروع کی جارہی ہے جس سے ماہ رمضان میں صوبہ بلوچستان کے تقریباً 1 لاکھ 24 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے اس فوڈ پیکج میں تمام تر ضروری اشیاء خردونوش شامل ہیں۔ایک فوڈ پیکج 41 کلوگرام پر مشتمل ہے جس میں 20 کلو فائن آٹا ،5 کلو چاول ، 5لیٹر کوکنگ آئل ،2 کلو بیسن ،2 کلو کھجور ،5 کلو چینی اور 1 کلو چائے اور جام شیریں شامل ہیں۔جس کا مجموعی وزن (850) ٹن بنتا ہے اور مالیت1 ملین ڈالر (تقریباً 15 کروڑ 56 لاکھ روپی) ہے جو کہ این ڈی ایم اے ، مقامی حکومت اور مقامی این جی او (SDO) کے تعاون سے صوبہ بلوچستان کے 10 اضلاع ( دکی، چاغی ،واشک،پنجگور،نصیر آباد، خاران، صحبت پور، سبی ، لورالائی) میں شفاف طریقے سے تقسیم کیاجائے گا۔اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔