ریاض (نیوز ڈیسک) عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا ہے۔ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں بروز منگل مورخہ 13 اپریل کو پہلا روز ہوگا۔سعودی عرب کے علاوہ دیگر ممالک جن میں ترکی، عراق، یمن لبنان، تیونس، مصر، ملائیشیا، امریکا، آسٹریلیا، روس، نیوزی لینڈ شامل ہیں میں بھی 13 اپریل کو ہی پہلا روزہ رکھا جائے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کی ہلال کمیٹی کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا تھا کہ پوری مملکت میں کہیں بھی رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول نہیں ہوئی ہیں۔
ہلال کمیٹی کے اجلاس کی سربراہی جامعہ المجمعۃ کے ماہرین فلکیات کر رہے تھے۔ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ غبار آلود موسم اور بادلوں کی وجہ سے چاند نظر نہیں آیا۔بتایا گیا ہے کہ دنیا میں سب سے پہلے آسٹریلیا اور پھر برونائی میں رمضان المبارک کا چاند نظر آیا۔اب تک آسٹریلیا سمیت ترکی، ملائیشیا، مصر، لبنان، یمن، عراق برونائی، سعودی عرب اور تیونیسیا میں چاند نظر آنے کے بعد کل بروز منگل 13 اپریل کو یکم رمضان ہونے کا باقاعدہ اعلان کیا جا چکا۔دوسری جانب دنیا بھر کے مختلف ممالک میں روزے کے دورانیہ کے حوالے سے بھی ایک رپورٹ جار کی گئی ہے۔ ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی روزے کے اوقات اور اس کی طوالت و اختصار کے بارے میں بھی رپورٹس سامنے آنا شروع ہو جاتی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس بار عرب ممالک میں روزے کا دورانیہ 13 اور 16 گھنٹوں کے درمیان ہو گا۔ اگر روزے کے طویل دورانیے کی بات کی جائے تو فن لینڈ اس اعتبار سے طویل ترین دورانیے والا ملک ہوگا جہاں روزہ داروں کو 23 گھنٹے 5 منٹ کا روزہ رکھنا ہوگا۔اس کے بعد سویڈن اور ناروے کا نمبر آتا ہے جب کہ روس میں 20 گھنٹے 45 منٹ کا روزہ ہو گا۔سب سے مختصر دورانیہ آسٹریلیا میں ہوگا جہاں روزے کا دورانیہ 11 گھنٹے 59 منٹ ہوگا، ارجنٹائن میں 12 گھنٹے 23 منٹ اور چلی میں 12 گھنٹے 41 منٹ کا روزہ ہو گا۔مغربی عربی کے عرب ممالک میں الجزائر اور تونس میں روزے کا دورانیہ دوسرے عرب ممالک کی نسبت کم ہو گا۔ ان ملکوں میں ماہ صیام کا آغاز 14 گھنٹے 39
منٹ سے ہو گا جب کہ آخری ایام 15 گھنٹے 50 منٹ تک ہو گا۔کیمرون میں روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے 12 منٹ اور بعض علاقوں میں 12 گھنٹے 59 منٹ ہوگا۔خلیجی ممالک میں روزے کا دورانیہ نہ تو بہت طویل ہو گا اور نہ ہی کم۔ سعودی عرب میں ماہ صیام کا آغاز 14 گھنٹے کے روزے سے ہوگا اور اختتام 14گھنٹے 42 منٹ سے ہوگا۔ ابوظبی میں 14 گھنٹے دو منٹ اور 14 گھنٹے 44 منٹ کے درمیان ہوگا۔کویت میں 14 گھنٹے 17 منٹ اور 15 گھنٹے 19 منٹ، قطر میں 14 گھنٹے 6 منٹ اور 14 گھنٹے 50 منٹ کے درمیان ہو گا۔