سری نگر(نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں ایک بار پھر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے پوسٹرز لگ گئے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے مختلف مقامات پر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے پوسٹرز چسپاں کیئے گئے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ پوسٹرز پر وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تصاویر کے علاوہ ان کے بیانات بھی تحریر کیے گئے ہیں ، جب کہ وزیراعظم عمران خان کو کشمیریوں کا سفیر لکھا گیا ، ناصرف یہ بلکہ وزیر اعظم کا یہ جملہ کہ
’ کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دیا جائے‘ بھی پوسٹرز پر تحریرکیا گیا ، علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے ادا کردہ جملے بھی ان پوسٹرز پر لکھے گئے ، جن میں ’ کشمیری عوام بہادری سے بھارتی مظالم کا مقابلہ کررہے ہیں ، کشمیری عوام کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے‘ شامل ہیں۔کشمیری میڈیا کے مطابق پوسٹرز مقبوضہ کشمیر کے وسطی اضلاع سری نگر، بڈگام ، جنوبی کشمیر کے اضلاع پلوامہ ، اسلام آباد انت ناگ، شوپیاں، کلگام اور شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ اور ہندوارہ کپواڑہ اضلاع میں آویزاں کیے گئے۔ اس سے پہلے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے 5فروری کو بھی مقبوضہ کشمیر میں وزیراعظم عمران خان کی تصویر والے پوسٹرز اور بینرز آویزاں کیے گئے ، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں وزیراعظم عمران خان کی تصویر والے پوسٹرز سری نگر اور دیگر علاقوں میں آویزاں کیے گئے ، ان پوسٹرز میں پاکستانی عوام اور وزیراعظم عمران خان سے اظہار تشکر کیا گیا ، سری نگر اور دیگر علاقوں میں آویزاں کیے جانے والے ان پوسٹرز پر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ”شکریہ پاکستان” اور ”شکریہ عمران خان” تحریر کیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق سری نگر اور مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں وزیراعظم عمران خان کے پوسٹرز جموں و کشمیر لبریشن الائنس کی جانب سے آویزاں کیے گئے ہیں ، پوسٹرز پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ، مقبوضہ کشمیر میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی تصاویر والے پوسٹرز نے بھارت کی صفوں میں کھلبلی مچا دی ۔