مکہ(نیوز ڈیسک)سعودی حکومت نے انسداد کورونا کے لیے ویکسین لگوانے والے زائرین کو عمرہ کی اجازت دینے کا اعلان کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکومت نے انسداد کورونا کے لیے ویکسین لگوانے والے افراد کو عمرہ کی اجازت دینے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ اس بار وہ زائرین عمرہ ادا کرسکیں گے جو ویکسین لگواچکے ہیں۔واضح رہے کہ قبل ازیں سعودی حکومت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب حرمین شریفین میں افطاری اور اعتکاف پر پابندی عائد کرچکی ہے۔گزشتہ ماہ سعودی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام اور مدینہ منورہ کی مسجد نبویﷺ میں افطار کے اجتماعات یا اعتکاف نہیں ہوں گے۔
رمضان کے دوران بیرون ملک سے آنے والے زائرین عمرہ ادا نہیں کر سکیں گے کیونکہ سعودی عرب نے پہلے ہی 17 مئی تک بین الاقوامی پروازیں معطل کردی ہیں۔اس سے قبل ملک کی جنرل اتھارٹی سول ایوی ایشن (گکا) نے کہا تھا کہ بین الاقوامی ہوائی اڈے دوبارہ کھولے جائیں گے اور رمضان کے بعد بین الاقوامی پروازوں کو 17 مئی سے دوبارہ ملک میں داخلے کی اجازت ہو گی۔رواں سال کے اوائل میں سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ نے عمرہ ادائیگی کے خواہش مند افراد کو پہلے ہی ویکسینیشن کا مشورہ دیا تھا۔انہوں نے خبر رساں ادارے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ احتیاطی تدابیر اپنی جگہ پر جاری رہیں گی لیکن احتیاطاً یہ مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تمام لوگ جو عمرہ کی ادائیگی چاہتے ہیں، وہ کووڈ-19 کی ویکسین لگوائیں۔