دُبئی(نیوز ڈیسک) آج دُبئی کے فرمانروا اور امارات کے وزیر اعظم و نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم کے بھائی اور وزیر خزانہ شیخ حمدان بن راشد المکتوم کی وفات پر یو اے ای میں ہر طرف فضا سوگوار ہے۔دُبئی حکومت نے شیخ حمدان کی وفات پر ریاست میں 10 روز کے لیے سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔جبکہ تین روز کے لیے تمام سرکاری اداروں میں کام نہیں ہو گا۔اس فرمان کا اطلاق آج 24 مارچ سے 26 مارچ تک ہوگا۔دوسری جانب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے امارات بھر میں تین روز کے لیے سوگ کا اعلان کیا ہے اس دوران اماراتی پرچم سرنگوں رہیں گے۔
یہ تین روزہ سوگ آج 24 مارچ سے لے کر26 مارچ تک کے لیے ہو گا۔شیخ حمدان کی نماز جنازہ اور تدفین میں صرف ان کے خاندان والے ہی شرکت کریں گے ۔یہ فیصلہ کورونا وبا کے باعث کیا گیا ہے۔تاہم دُبئی کی تمام مساجد میں آج مغرب کی نماز کے بعدمرحوم شیخ حمدان بن راشد المکتوم کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ واضح رہے کہ شیخ محمدبن کے بھائی شیخ حمدان بن راشد کافی عرصے سے علیل تھے ، جن کے انتقال کی تصدیق شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بھی کی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ میرا بھائی میرا ساتھی اب اس دنیا میں نہیں رہا ، خدا ان پر رحم کرے ، انا للہ و انا الیہ راجعون۔ شیخ حمدان بن راشد المکتوم 9 دسمبر 1971 کو کابینہ کی پہلی تشکیل سے وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز رہے ، انہوں نے دبئی میونسپلٹی ، المکتوم فاوٴنڈیشن ، دبئی ایلومینیم (ڈبل) جیسی متعدد اعلیٰ سرکاری اداروں کی صدارت کی جن میں دبئی نیچرل گیس کمپنی لمیٹڈ ، دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور دیگر شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ شیخ حمدان کو رائل برٹش کالج لندن اور رائل برٹش کالج ایڈنبرگ سے انٹرنل میڈیسن کے لئے اعزازی فیلو شپ سے نوازا گیا ، اس کے علاوہ انہیں رائل برٹش کالج گلاسگو سے انٹرنل میڈیسن اینڈ سرجری کے لئے بھی اعزازی فیلوشپ دی گئی۔