غذر (مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے کلبھوشن یادیو کو این آر او دلوانے کے لیے راتوں رات آرڈیننس جاری کروائے۔ غذر میں انتخابی جلسے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان پی ڈی ایم اتحاد کے بارے میں کہتے ہیں کہ ہم مودی کا بیانیہ لے کر چل رہے ہیں ۔وہ وزیراعظم جس نے خود دعا کی کہ مودی الیکشن جیت جائے ہم کشمیر کا مسئلہ حل کریں گے ، وہ آج یہ کہہ رہا ہے کہ اپوزیشن مودی کا بیانیہ لے کر چل رہی ہے۔ وہ شخص جو کشمیر کا سودا کر چکاہے، وہ آج ہمیں کہہ رہا کہ اپوزیشن کا
بیانیہ مودی سے ملتا جلتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ شخص جو راتوں رات پارلیمنٹ اور سینیٹ سے چھپا کر ، عوام سے چھپا کر ، بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو این آر او دلوانے کے لیے آرڈیننس جاری کروائے، وہ ہمیں بھارتی ایجنڈہ لے کر چلنے کا الزام دیتا ہے ۔بھارتی جاسوس پاکستان میں دہشت گردی کررہا تھا، جو پاکستان کی سرزمین سے پکڑا گیا اس کو وکیل کروانے کی اجازت دینے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ جانے والا ہم پر غداری کا الزام لگا رہا ہے ۔ بلاول بھٹو نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حدیث میں منافق کی جتنی نشانیاں بتائی گئی ہیں وہ سب ہمارے وزیراعظم میں پائی جاتی ہیں۔ غذر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ہے حدیث میں ہمیں منافق کی چار نشانیاں بتائی گئی ہیں، ایک جب وعدہ کرے تو وعدہ خلافی کرے، دو جب وہ بات کرے تو جھوٹ بولے، تین جب جھگڑا کرے تو گالی دے اور چار جب معاہدہ کرے تو بے وفائی کرے۔اور اسلام کی بتائی ہوئی منافقت کی یہ چاروں نشانیاں ہمارے وزیراعظم میں پائی جاتی ہیں، ہمارا وزیراعظم منافق وزیراعظم ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے لئے سی پیک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے لیکن نالائق اور نااہل لوگوں کو سمجھ ہی نہیں کہ سی پیک کیا ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت ہوتی تو سب سے پہلے سی پیک کا فائدہ گلگت بلتستان کو ہوتا ، عمران خان کہتے ہیں کہ سی پیک پر کام کریں گے لیکن انہوں نے کوئی کام نہیں کیا، وہ فاٹا اور گلگت بلتستان کےعوام کو سی پیک کی وجہ سے فائدہ نہیں دلاسکے،
عوام آپ کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے بے روزگاری اور غربت میں اضافہ کیا ہے، جس ادارے کے ساتھ پاکستان کا نام تھا حکومت نے اسے تباہ کردیا ، ہمارے ڈاکٹرز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز سمیت ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے، میں حیران ہوں ملک کا وزیراعظم ایک تقریر میں اتنا جھوٹ بولتا ہے، کہتے ہیں کرپشن کا خاتمہ کریں گے یہ نعرہ ہم کب سے سن رہے ہیں، کرپشن کرنے والوں کے لیے ایک قانون صرف پیپلز پارٹی بنا سکتی ہے۔