گلگت(مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ خلائی مخلوق کو آپ کے ووٹ پر ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے اور ہم کسی کو ووٹ چوری کی اجازت نہيں ديں گے۔گلگت بلتستان کے علاقے شگر میں اتنخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے آپ کو عمران خان کی تباہی سے بچانا ہے اور گلگت بلتستان ميں تحريک انصاف کو روکنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے گلگت بلتستان سے پیپلزپارٹی کو جتوانا ہے کیونکہ جو پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ساتھ ہوا وہ گلگت بلتستان ميں نہيں چاہتے۔ ملتان اور بہالپور سے پوچھیں کہ آپ کے صوبے کیا کیا ہوا؟
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہاں کےعوام آج بھی پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پی ڈی ایم کی تحریک چل رہی ہے اور میں آپ کو اکیلا نہیں چھوڑوں گا۔انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کا نظریہ عوام کو روزگار فراہم کرنا تھا اور انہوں نے پورے ملک میں روزگار دلایا تھا۔ اگر روزگار ملا ہے تو پیپلزپارٹی نے دیا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ جب تک آپ خود فیصلے نہیں کریں گے کوئی آپ کو حق نہیں دلا سکتا اور جب آپ کے ووٹ سے فیصلے ہوں گے تو آپ کی قسمت بدلے گی۔ ملک کے عوام بےروزگار ہیں اور مزید بے روزگاری نہیں چاہتے۔چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمين، ڈاکٹرز اور ليڈی ہيلتھ ورکرز سب احتجاج کر رہے ہيں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کم نظر لوگ ہیں جو سمجھتے ہیں کہ ظلم کرکے سچ کا راستہ روک سکتے ہیں اور قتل کرکے آواز ختم کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کو ماضی میں بھی کامیاب ہونے دیا اور نہ ہی آج کامیاب ہونے دیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مہنگائی کو روکنے کے لیے ہمیں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو روکنا ہوگا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی صورت میں پنجاب کا جو حال کیا ہے وہ نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ‘پی ٹی آئی نے عبوری صوبہ سمیت جو بھی وعدے کیے وہ سارے جھوٹ ثابت ہوئے، گلگت بلتستان کے لیے صوبے کا لالی پاپ ایسا ہی ہے جیسے عمران خان نے جنوبی پنجاب کے لیے دیا تھا’.بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انتخابات سے قبل جنوبی پنجاب کو کہا تھا
کہ 100 دن کے اندر صوبے کا درجہ دوں گا؟ لیکن اب بہاولپور کے لوگوں سے پوچھیں کہ اس صوبے کا کیا ہوا؟انہوں نے کہا کہ اپوزیشن، جو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی صورت میں موجودہ حکومت کے مستقبل سے متعلق فیصلے طے کررہی ہے اور میں اس دوران آپ کو ایک دن بھی تنہا نہیں چھوڑوں گا اور 15 نومبر تک آپ کے درمیان رہوں گا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم، وفاقی حکومت، سلیکٹڈ نمائندے یا کسی بھی خلائی مخلوق کو ووٹ چوری کرنے نہیں دیں گے۔