اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) نے پاکستان میں ویڈیو ایپ ٹک ٹاک کو بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔پاکستان ٹيلی کمينيکيشن کے ترجمان کے مطابق ٹک ٹاک نے مقامی قوانین پر عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ کچھ دیر میں حکم نامہ جاری کریں گے۔ ٹک ٹاک انتظامیہ نے غیراخلاقی مواد پر بھی قابو پانے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ٹک ٹاک پر سے پابندی ہٹانے کا فیصلہ پی ٹی اے اجلاس میں اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔ترجمان پی ٹی اے کا مزید کہنا ہے کہ ٹک ٹاک انتظامیہ غیر اخلاقی اور غیرمناسب
مواد کی روک تھام کا میکانزم بنانے پر آمادہ ہوگئی ہے۔ٹک ٹاک پر پابندی 9 اکتوبر کو عائد کی گئی تھی۔پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ مشروط طورپرٹِک ٹاک کی سروسز کوبحال کیا ہے، غیر اخلاقی موادکا پھیلاؤ روکنےکیلئےٹِک ٹِک پرزور دیتے رہے، غیرقانونی مواد روکنے کا اطمینان بخش نظام نہ ہونے پر سروس بند کی گئی، تاہم ٹِک ٹاک نے اعتدال پسند مواد کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی اور غیر قانونی مواد اپ لوڈ کرنے میں ملوث صارفین کو بلاک کر دیا۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے مزید کہا کہ صحت مند ڈیجیٹل سہولتکار کی حیثیت سےپابندی ختم کرنےکا فیصلہ کیا، بحالی پلیٹ فارم کےبےحیائی کے پھیلاؤ کیلئے استعمال نہ ہونے سے مشروط ہے، شرائط پوری نہ کی گئیں توٹک ٹاک کو مستقل بلاک کرنے پر مجبور ہوں گے۔یاد رہے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے چین کی مشہورویڈیوشیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی تھی اور کہا تھا کہ غیراخلاقی مواد روکنے کا موثر میکنزم نہ بنانے پر ٹک ٹاک موبائل ایپلی کیشن کو تمام نیٹ ورک پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، موبائل فون کمپنیوں کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی۔خیال رہے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے 9 اکتوبر کو عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کی تھی۔