کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت کے لئے متحرک ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں اینکر پرسن ثمر عباس کی طرف سے انکشاف کیا گیا کہ سندھ حکومت کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت کے لئے متحرک ہو گئی ہے ، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ کیپٹن ر صفدر کی ضمانت ہو جائے ، کیوں کہ کیپٹن صفدر کا جرم بھی قابل ضمانت ہے ، اس سلسلے میں سندھ حکومت ان کے وکلا کی معانت کر رہی ہے۔واضح رہے کہ ولیس نے علی الصبح محمد صفدر کو
کراچی کے نجی ہوٹل سے گرفتار کیا اور انہیں مزار قائد پر نعرے لگانے پر مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہےکہ کیپٹن صفدر کے خلاف مقدمہ بریگیڈ تھانے میں درج ہے اور انہیں گرفتار کرکے تھانہ عزیز بھٹی میں رکھا گیا ہے۔تھانہ بریگیڈ کی پولیس نے کیپٹن صفدر کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لیگی رہنما کو مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہےکہ شہر وقاص کی مدعیت میں درج مقدمے میں 200 افراد شامل ہیں جب کہ مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہےکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو آج کورٹ میں پیش کرنے کافیصلہ ابھی نہیں ہوا اور ان کی منتقلی کی جگہ سے متعلق ابھی کچھ نہیں بتاسکتے۔پولیس حکام کے مطابق کیپٹن صفدر سے تفتیش کے بعد ہی انہیں کورٹ میں پیش کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔