کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے پولیس کی حراست میں گاڑی میں بیٹھنے سے پہلے پھر نعرے لگا دیے۔ اس حوالے سے تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر زیر گردش ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گرفتاری کے بعد جب کیپٹن ر صفدر پولیس کی گاڑی میں بیٹھنے کے لیے آگے بڑھے تو انہوں نے اس موقع پر ایک بار پھر نعرے بازی کی ، جس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کی طرف سے مسلم لیگ ن کے بنیادی نعرے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے ساتھ ساتھ ’مادرِ ملت زندہ باد‘ ، اور ’ایوبی مارشل لاء مردہ باد‘ کے بعرے بھی بلند کیے گئے۔
واضح رہے کہ پولیس نے بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار کے تقدس کو پامال کرنے کے الزام میں مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز ان کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر اور دیگر 200 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کر لیا۔کراچی کے ضلعی شرقی کے پولیس تھانہ بریگیڈ میں وقاص احمد نامی شخص کی مدعیت میں مزار قائد کے تقدس کی پامالی اور قبر کی بے حرمتی کا مقدمہ درج کیا گیا۔مذکورہ مقدمہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر اور دیگر200 نامعلوم افراد کے خلاف قائداعظم مزار پروٹیکشن اینڈ مینٹیننس آرڈیننس 1971 کی دفعات 6، 8 اور 10جبکہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 506-بی کے تحت درج کیا گیا۔ایف آئی آر میں مدعی نے دعویٰ کیا کہ کیپٹن (ر) صفدر اور ان کے 200 ساتھیوں نے مزار قائد کا نقدس پامال، قبر کی بے حرمتی، جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ کی۔خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور دیگر رہنما گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں شرکت کے لیے کراچی پہنچے تھے۔باغ جناح میں ہونے والے جلسے میں شرکت سے قبل رہنماؤں اور کارکنان نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی تھی۔تاہم اس دوران اس وقت بدمزگی دیکھنے میں آئی جب قائد اعظم کی قبر کے تعویز کے قریب کھڑے کیپٹن(ر) صفدر نے نعرے بازی شروع کردی اور دیگر رہنماؤں اور کارکنان کے ہمراہ ’ووٹ کو عزت دو‘ اور ’مادر ملت زندہ باد‘ کے نعرے لگاتے رہے۔