اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمارے دور میں تحریک انصاف والے کئی ماہ تک اسلام آباد کے ڈی چوک پرغیرقانونی طور پر بیٹھے رہے ، جب کہ اپوزیشن کی حکومت مخالف موجودہ تحریک میں میں نہیں سمجھتا کہ جنوری تک یہ سلسلہ آگے جائے گا ، بلکہ نومبر دسمبر تک ہی ہم اپنا کام دکھا دیں گے ۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کو جلسوں سے روکا کس نے تھا جو حکومت کی طرف سے اجازت کی بات کی جارہی ہے،
ہمیں حکومت مخالف اپنی تحریک میں اگر پتھرکھانے پڑے توبھی کھا لیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ ہم لاٹھی چارج کیلئے بھی پوری طرح تیار ہیں ، کیوں کہ اپوزیشن کی طرف سے لانگ مارچ، جلسے اور ریلیوں کا انعقاد حکومت پردباؤ بڑھانے کے حربے ہیں ، اس سلسلے میں اگر ضرورت پڑی تو ہماری جماعت کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف بھی اپوزیشن کے جلسوں سے خطاب کریں گے ۔ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے ، حکومت کےلیے ہرلمحہ بھاری ہے اور ہم نے انہیں بہت وقت دیا ہے ، اس سے پہلے کہ عوام ان کو نکالیں ، انہیں خود سیاسی طریقے سے اپناراستہ بنانا چاہیے ، لوگ حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور اب وہ حکومت کووقت دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے بات کرنا بے مقصد ہے ، کیوں کہ 2 سال ہوگئے حکومت کسی ایک معاملے پر فیصلہ نہیں کرپائی ، وزیراعظم نے ایک بار بھی مہنگائی کی بات نہیں کی ، ٹائیگر فورس مہنگائی کے خلاف کیا کرے گی؟ جب کہ وزیراعظم عمران خان نے وکلا کی تقریب میں کوئی بھی کام کی بات نہیں کی اور سرکاری اخراجات پر پارٹی کنونشن کا انعقاد نہیں کیا جاسکتا ، یہ لوگ معاملات کو سیاسی رنگ دے کر تباہ کردیں گے۔