اسلام آباد (نیوز ڈیسک)چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب) جسٹس (ر)جاوید اقبال نےنیو یارک میں واقع پی آئی اے کی ملکیتروز ویلٹ ہوٹل بند کرنے کا نوٹس لے لیا۔تفصیلات کے مطابق نیو یارک میں واقع پی آئی اے کی ملکیتروز ویلٹ ہوٹل بند ہونے پر چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب) جسٹس (ر)جاوید اقبال نے ڈی جی نیب عرفان منگی کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔ اس موقع پر چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ تحقیقات کی جائیں قومی اثاثےکو بند کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ اور روزویلٹ کو منافع بخش کیوں نہ بنایا جا سکا اس کا بھی تعین کیا جائے۔
واضح رہے کہ روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کے مالیاتی حب مین ہٹن کے مرکز میں واقع ہے، پی آئی اے نے 1979 میں اس 19 منزلہ عمارت کو شراکت داری سے حاصل کیا تھا۔بعد ازاں 1999 میں بغیر کسی حکومتی مدد کے اپنے وسائل سے اس کے 100 فیصد شیئر ہولڈرز حاصل کرلیے تھے، اس ہوٹل میں ایک ہزار سے زائد کمرے ہیں اور اس کا رقبہ 43 ہزار 313 اسکوائر فٹ ہے جو شہر کے ایک پورے بلاک پر محیط ہے۔ہوٹل کی مکمل ملکیت حاصل کرنے کے بعد پی آئی اے نے اس کی تزئین و آرائش کرائی تھی، جس کے بعد اس نے لمبے عرصے تک زیادہ منافع کمایا جو 2018 تک جاری رہا تھاتاہم کورونا وائرس کی وجہ سے سیاحتی شعبے اور ہوٹل سیکٹر میں گراوٹ آئی اور روز ویلٹ ہوٹل بھی اس سے نہ بچ سکا تھا۔تاہم گزشتہ دنوں روزویلٹ ہوٹل نے اعلان کیا تھا کہ وہ 31 اکتوبر سے مہمانوں کے لیے اپنے دورازے مستقبل طور پر بند کردے گا۔