کراچی(نیوز ڈیسک) قومی ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے تنخواہ اور مراعات میں اضافہ لینے سے انکار کردیا، پی آئی اے بورڈ نے سی ای او کی ماہانہ تنخواہ 18 لاکھ روپے کردی تھی ۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے سی ای اوارشد ملک نے کہا ہے کہ کورونا کے باعث دنیا بھر کی ایئر لائنز خسارے کا شکار ہیں ، جب کہ عالمی وبا کی وجہ سے دُنیا بھر کی ائیر لائنز کے 80 فیصد آپریشن بند ہیں ،اور قومی ائیر لائن بھی بحران کا شکار ہے۔ایسی صورتحال میں تنخواہ اور مراعات میں اضافہ قابل قبول نہیں، اس لیے رضاکارانہ طور پر وہی تنخواہ وصول کروں گا جو فضائیہ سے ڈیپوٹیشن کے موقع پر تھی۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کے باعث دنیا بھر کی ایئرلائنز کونقصان لیکن پی آئی اے کو فائدہ ہوا ، 2019ء میں پی آئی اے نے 7.8ارب روپے منافع کمایا ، جب کہ 2018ء میں 19.8ارب کا نقصان ہوا،پی آئی اے بہتری کی جانب گامزن ہے ، وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں 15 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا ، اجلاس میں ملک کی سیاسی ، سلامتی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے چیف ایگزیکٹو قومی ایئرلائن کی تعریف کی اور کہا کہ پی آئی اے بہتری کی جانب گامزن ہے ، کورونا کے باعث دنیا بھر کی ایئرلائنز نقصان میں گئیں، لیکن پی آئی اے اصلاحات کے باعث فائدے میں رہی ، وزیراعظم کی جانب سے پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 2019ء میں پی آئی اے نے 7.8ارب روپے منافع کمایا ، جب کہ 2018ء میں پی آئی اے کا نقصان 19.8 ارب تھا ، گزشتہ سال اسی طرح 2018ء میں پی آئی اے کا آپریشنل نقصان 32 ارب تھا ، 2019ء میں پی آئی اے کا آپریشنل نقصان 7.7 فیصد رہا ۔