لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ڈاہا نے کہا ہے کہ جلیل شرقپوری کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ بدمعاشی ہے۔ پیر کو اسمبلی جائیں گے، جس نے روکنا ہے روک لے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں نے بھی جلیل شرقپوری کے ساتھ پیش آںے والے واقعے پر آوازیں اٹھانا شروع کردیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی نشاط ڈاہا نے کہا ہے کہ پیر کو اسمبلی جائیں گے جس میں دم ہے آکر روکے۔انہوں نے جلیل شرقپوری اور مولانا غیاث الدین کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے اراکین پنجاب اسمبلی کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ پیر کو ہم
سب اسمبلی جائیں گے، جس میں دم وہ آ کر ہمیں روک لے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف جس راستے پر چل رہے ہیں وہ تنہائی کا راستہ ہے۔نشاط ڈاہا کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست کی ہے کہ اسمبلی میں الگ نشستیں دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی میں جلیل شرقپوری کے ساتھ واقعہ قابل مذمت ہے۔ اسمبلی میں کھلی بدمعاشی اور منتخب اسمبلی ارکان کی توہین کی گئی ہے۔ ہم سب جلیل شرپقوری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایم پی اے نشاط ڈاہا کا کہنا ہے کہ نواز شریف صرف اسی کو ووٹ سمجھتے ہیں جو انہیں ملے، عمران خان کے پاس ووٹوں کی اکثریت ہے اس کی بھی عزت کریں، نواز شریف خود باہر بیٹھے ہیں، دوسروں کو سڑکوں پر آنے کا کہتے ہیں۔ایم پی اے کا کہنا تھا کہ نواز شریف دولت بچانے کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں، انہوں نے لیگی اراکین کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسمبلی جائیں گے، ان میں جرات ہے تو راستہ روک کر دکھائیں، پنجاب اسمبلی کسی کی جاگیر نہیں ہے، روک سکو تو روک لو۔اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے مسلم لیگ (ن ) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری نے کہا ہے کہ میں اپنے کردار سے مطمئن ہوں، (ن) لیگ سے استعفی نہیں دوں گا۔ایک انٹرویو کے دوران میاں جلیل شرقپوری نے کہا کہ جب جہاز اغوا کرنے کا الزام لگا کر نواز شریف کی حکومت ختم کی تو مجھے بہت دکھ ہوا، مشکل دور میں تمام قریبی دوست جب ساتھ چھوڑ گئے تھے تب بھی میں ان کے ساتھ تھا، مجھے سعودی عرب سے نواز شریف نے فون کر کے کہا کہ آپ کو میاں اظہر کے خلاف ایکشن لڑنا ہے، میں پہلی مرتبہ میاں اظہر کے خلاف الیکشن
میں کھڑا ہوا اور جیتا۔جلیل شرقپوری نے کہا کہ میاں رؤف جیسے غنڈے کو رانا تنویر نے الیکشن میں کامیاب کروایا، میاں عبدالروف نشے میں دھت ہو کر مجھ سے بدتمیزی کرتا رہا، (ن) لیگ بھی ایسے غنڈے کے خلاف ایکشن لے، اگر میاں عبدالرؤف کو پارٹی سے نہ نکالا گیا تو (ن) لیگ کے ساتھ تعاون ختم کر دوں گا۔ رکن قومی اسمبلی رانا تنویر اور میاں عبدالروف بھی استعفی دیں اور میرے ساتھ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں۔رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ مجھے وزیر اعظم سے ملنے سے کوئی نہیں روک سکتا ، کوئی مانے یا نہ مانے وہی کام کروں گا جو میرا ضمیر مجھے کہے گا، میں اپنے کردار
سے مطمئن ہوں، (ن) لیگ سے استعفی نہیں دوں گا، اگر بدمعاشی اور دھونس دھاندلی سے استعفی لینا ہے تو میں سمجھوں گا کہ اس وقت نواز شریف سے بھی پھر صیحح استعفی لیا گیا تھا۔جلیل شرقپوری نے کہا کہ اگر کسی کو احتجاج کرنا ہے تو جمہوری طریقہ سے کرئے دنگا فساد نہیں ہونا چاہیے، تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو بھی یہ پیغام دیتا ہوں کہ جس کو اکثریت ملے اسے پانچ سال پورے کرنے دیں۔