لاہور(نیوز ڈیسک) ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کا ریورس انجینئرنگ کے ذریعے میزائل بنانے کا دعویٰ جھوٹا قرار دیدیا۔ انہوں نے کہا جب میزائل فائر ہو نے کے بعد کسی مقام پر گرجاتا ہے تو تکنیکی طورپر یہ ممکن نہیں ہوتا کہ ریورس انجینئرنگ کرکے اسے دوبارہ بالکل اصل حالت میں لایاجاسکے۔ریورس انجینئرنگ ، میزائیل کی فعالیت اور درستی میں کلیدی کردار سافٹ ویئر کا ہوتا ہے اس کے ساتھ ساتھ میزائل کامکمل غیر استعمال شدہ حالت میں دستیاب ہونا ضروری ہوتا ہے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہمارے تمام میزائل مقامی طور پر بنائے گئے جو مکمل طور پر ایک شاندار ٹیم ورک کا نتیجہ تھے ۔میں گائیڈڈ میزائل پروجیکٹ میں چیف کوارڈینیٹر تھا جس میں میزائل کی باڈی اور تمام اہم ترین پارٹس کی تیاری ڈاکٹر اعجاز کھوکھر مرحوم کی ذمہ داری تھی جبکہ ڈاکٹر نسیم خان مرحوم اور ڈاکٹر ہاشمی اس کی سافٹ وئیرکے معاملات کو دیکھتے تھے۔قبل ازیں ڈاکٹر ثمر مبارک نے نواز شریف کی جانب سے کروز میزائل کی ریورس انجینئرنگ کر کے میزائل بنانے کے دعوؤں کو مسترد کردیا۔