لاہور (نیوز ڈیسک)مسلم لہگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف پر غداری کے مقدمے کی درخواست دینے والے شہری بدررشید کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں ۔ تفصیلات کے مطابق سینئر اینکر پرسن طارق متین نے اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو میں بتایا ہے کہ انہوں نے مقدمہ درج کروانے والے شہری بدررشید سے رابطہ کیا ، جس کا مقصد یہ جاننا تھا کہ بدررشید کون ہے؟ بدررشید سے پوچھا کہ آپ نے یہ مقدمہ درج کروایا ہے، آپ کون ہیں؟ کہا جارہا ہے کہ آپکے پیچھے تحریک انصاف اور ن لیگ کے لوگ ہیں۔ ان سوالات کے جواب میں بدررشید نے کہا کہ میں ایک پڑھا لکھا اور محب وطن شہری ہوں،
مجھے اپنی فوج سے محبت ہے، میں سمجھتا ہوں کہ نوازشریف غلط کررہے ہیں ،وہ عمران خان کو جومرضی کہیں لیکن پاک فوج کیخلاف کچھ بھی برداشت نہیں۔ اب سے کچھ عرصہ قبل مسلم لیگ ن کا کارکن تھا ، 2013 کے بعد بلدیاتی الیکشن میں کھڑے ہونے کی کوشش کی لیکن پارٹی نے ٹکٹ نہیں دیا ۔بدر رشید کے مطابق میاں صاحب علاج کی غرض سے باہر گئے، حکومت نے مخالفت کی، عدالت نے اجازت دی، انہوں نے وہاں علاج نہیں کروایا، بجائے علاج کروانے کے پاکستان کے خلاف بیان دینا شروع کردیا، یہ اس وقت بھارت کی زبان بول رہے ہیں، پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر مشکلات میں مبتلا کررہے ہیں اسلئے انکے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے۔ایف آئی آر میں یہ مطالبہ بھی کیا کہ جو لوگ اسوقت ہال میں بیٹھے تقریر سن رہے ہیں ، انکو معاونین اور سہولتکاروں کا درجہ دیا جائے۔ اس مقدمے پر شاہدخاقان عباسی دعویٰ کرتے ہیں کہ یہ غداری کا مقدمہ حکومت نے خود کروایا جبکہ احسن اقبال کہتے ہیں کہ حکومت فوج اور اپوزیشن کو آپس میں لڑوانا چاہتی ہے ، ن لیگ کے اپنے لوگ نوازشریف کے اس بیانئے کے ساتھ کھڑے نہیں ہیں ۔