لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے جلسوں کا شیڈول مرتب کرکے تیاریوں کا آغاز کردیاگیا ، اراکین اسمبلی ، پارٹی عہدیداروں اور متحرک رہنمائوں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز 15 اکتوبر کوراولپنڈی،16 اکتوبر گوجرانوالہ،19 اکتوبر مالاکنڈ،22 اکتوبر اسلام آباد،26 اکتوبر مظفرگڑھ،29 اکتوبر نواب شاہ،30 اکتوبر عمر کوٹ،2 نومبر سرگودھا،6 نومبر فیصل آباد،10 نومبر ساہیوال،23 نومبر ملتان،26 نومبر ہزارہ جبکہ30 نومبر بہاولپور میں جلسہ سے خطاب کریںگی ۔شیڈول بارے متعلقہ اراکین اسمبلی ، پارٹی عہدیداروں اور متحرک رہنمائوں کو آگاہ کردیا گیا ہے جبکہ انہیں تیاریوں کے حوالے سے
لمحہ بہ لمحہ آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور ہائیکورٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد نیب نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو گرفتار کرلیا ہے۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد پاکستان مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے بھی ہنگامی پریس کانفرنس میں کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری کسی جرم کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے بھائی کے ساتھ کھڑے ہونے کی وجہ سے ہوئی۔مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کی تقریر اور آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد ہوگا، تحریک چلے گی اور بھرپور طریقے سے چلے گی، نوازشریف جلد وطن واپس آکر اپوزیشن کی تحریک کی قیادت کریں گے۔