لاہور(نیوز ڈیسک)سی سی پی او لاہور نے موٹروے پر اہلکار تعینات کرنے سے معذرت کر لی۔ لاہور پولیس نے آئی جی پنجاب کو اس حوالے مراسلہ جاری کیا ہے۔سی سی پی او عمر شیخ کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کو پہلے ہی نفری کی کمی کا سامنا ہے۔نفری دینا ممکن نہیں۔آئی جی پنجاب نے لاہور سیالکوٹ موٹروے کی سیکیورٹی پر غور شروع کر دیا ہے۔اس حوالے اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔ آئی جی پنجاب کو لکھے گئے مراسلے میں پنجاب پولیس نے سیالکوٹ موٹر وے پر اضافی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے حوالے سے معذرت کرلی۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ لاہور پولیس کو پہلے ہی کم نفری کا سامنا ہے، جس کے باعث لاہور سيالکوٹ موٹروے کيلئے مزيد پوليس اہلکار فراہم نہیں کرسکتے۔
واضح رہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر پولیس اہل کاروں کی اضافی نفری کی تعینات کا مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب گزشتہ ماہ ستمبر میں خاتون کیساتھ بچوں کے سامنے گینگ ریپ کا واقعہ رونما ہوا۔ واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد اعلیٰ حکام کی جانب سے موٹر وے پر اضافی سیکیورٹی تعینات کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ موٹر وے کیس کا مرکزی ملزم عابد تاحال فرار ہے، جب کہ واقعہ میں متاثرہ خاتون اب پولیس کو بیان قلمبند کرانے پر راضی ہوگئی ہیں۔ اس سے قبل سماء کے پروگرام 7 سے 8 میں مذکورہ خاتون نے پولیس کو بیان دینے سے صاف انکار کردیا تھا۔